پنجاب میں سیکورٹی سخت؛ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اہم اقدامات کا اعلان
Web Desk
8 December 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر سیکیورٹی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیرِاعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تمام اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے باہر ڈیجیٹل نگرانی کے کیمرے فوری طور پر نصب کیے جائیں جبکہ پنجاب پولیس کو اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر فرضی حفاظتی مشقیں کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی گارڈ، انٹری چیکنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی لازمی ہو گی۔ اس کے علاوہ پنجاب سے دوسرے صوبوں میں آنے جانے والی بسوں کے ڈرائیور اور عملے کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
حکومتِ پنجاب نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موٹروے پولیس سے سیکیورٹی تعاون بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ صوبے بھر کے پارکس میں بھی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور سیکورٹی سسٹمز کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی کو تمام شہروں میں لگے کیمروں کا فنکشنل ری ویو کرنے اور لاہور، راولپنڈی سمیت ہر شہر میں سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
مزید برآں گھروں، بازاروں اور مارکیٹوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ مشکوک عناصر کی بروقت نشاندہی ہو سکے۔ وزیراعلیٰ نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
پنجاب میں مقیم دوسرے صوبوں کے شہریوں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ غیر قانونی افغان باشندوں اور دیگر شہریوں میں واضح فرق کیا جا سکے۔ متعلقہ علاقوں کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو مقامی عمائدین سے مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ “پنجاب میں کوئی بھی نمایاں عوامی مقام ڈیجیٹل نگرانی سے خالی نہیں ہونا چاہیے۔” ان کا کہنا تھا کہ وہ صوبے کو ملک کا محفوظ ترین صوبہ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔
مریم نواز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں 15 پر فوری اطلاع دیں۔
وزیراعلیٰ نے مجموعی امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشنری جذبے سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
متعلقہ عنوانات
سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سبکدوش، ترکیہ میں نئی سفارتی ذمہ داری سنبھالیں گی
17 September 2026
پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی، ہائی سپیڈ ڈیزل مزید مہنگا
17 September 2026
وزیراعظم شہباز شریف کا ملک گیر سادگی و کفایت شعاری مہم کا اعلان
17 September 2026
ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چھٹہ اڈیالہ جیل کے باہر سے دوبارہ گرفتار، اسلام آباد منتقل
17 September 2026
حوثیوں کا سعودی عرب پر ڈرون حملہ، ایک شہری جاں بحق، پاکستانی سمیت 2 زخمی
17 September 2026
قیصر احمد شیخ کی نٹالی بیکر سے ملاقات، پاک امریکا اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر زور
17 September 2026
امریکی ایوان نمائندگان نے ایران اور روس پر پابندیوں کا بل منظور کرلیا
17 September 2026
عراقچی کا ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
17 September 2026