لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکا میں مذاکرات پر اتفاق
Web Desk
11 April 2026
امریکی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات سے قبل لبنان اور اسرائیل کے درمیان پہلا باقاعدہ رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں ممالک نے منگل کو امریکہ میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ لبنانی ایوانِ صدر کے مطابق، یہ ابتدائی گفتگو واشنگٹن میں تعینات دونوں ممالک کے سفیروں کے ذریعے ہوئی ہے، جسے حالیہ شدید کشیدگی کے بعد ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی وزارتِ خارجہ میں ہونے والی اس میٹنگ کا بنیادی ایجنڈا جنگ بندی کی شرائط اور باقاعدہ مذاکرات کی تاریخ طے کرنا ہے۔ اس حوالے سے امریکہ اور لبنان نے مشترکہ طور پر اسرائیل سے درخواست کی ہے کہ وہ حزب اللہ پر حملوں میں عارضی وقفہ کرے۔
دوسری جانب، لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دشمن (اسرائیل) نے مذاکرات کے لیے ایران کی جانب سے پیش کردہ شرائط کو “رسوائی” کے ساتھ قبول کر لیا ہے۔ تاہم، واشنگٹن میں متعین اسرائیلی سفیر نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل لبنان اور امریکہ کے سفیروں کے ساتھ میٹنگ پر تو رضامند ہے، لیکن وہ فی الحال حزب اللہ کے ساتھ براہِ راست جنگ بندی پر بات چیت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
مذاکرات کا یہ نیا موڑ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنگ بندی معاہدے کی دائرہ کار پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔ اس سے قبل امریکہ اور اسرائیل کا موقف تھا کہ لبنان، ایران جنگ بندی معاہدے کا حصہ نہیں ہے، جبکہ ایران اور یورپی یونین، برطانیہ، فرانس اور آسٹریلیا سمیت کئی عالمی طاقتوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے لبنان کو بھی اس معاہدے کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔ منگل کو ہونے والی یہ ملاقات اس ابہام کو دور کرنے اور مستقبل کے امن عمل کی سمت متعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کی فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے کی مذمت
6 September 2026
پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواہاں ہے، یوسف رضا گیلانی
6 September 2026
اسحاق ڈار کا ناروے کے ہم منصب ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ
6 September 2026
پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں کا سفر، آپریشن دوارکا سے معرکۂ حق تک
6 September 2026
پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز میں امریکی آبدوز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
6 September 2026
مزار قائد پر گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک فضائیہ نے فرائض سنبھال لیے
6 September 2026
خلیج میں امریکی فوجی اڈے برقرار رکھنا قابلِ عمل نہیں رہا: جنرل ڈیوڈ پیٹریاس
6 September 2026
روس اور یوکرین کے درمیان فضائی حملوں میں مختصر وقفے پر اتفاق
6 September 2026