جعلی اندراج کا الزام: ٹرمپ انتظامیہ کا افورڈیبل کیئر ایکٹ (اوباما کیئر) کے 7 لاکھ 60 ہزار صارفین کو نکالنے کا اعلان
Web Desk
23 September 2026
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے افورڈیبل کیئر ایکٹ (ACA / اوباما کیئر) کے تحت سرکار سے معاونت حاصل کرنے والے 7 لاکھ 60 ہزار افراد کو پبلک ہیلتھ کیئر ایکسچینج سے نکالنے کے منصوبے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ وینس اور ہیلتھ حکام کا الزام ہے کہ یہ افراد یا تو جعلی دستاویزات کے ذریعے پروگرام میں شامل ہوئے تھے یا پھر ان کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے۔ حکومتی اینٹی فراڈ ٹاسک فورس کے سربراہ اور نائب صدر وینس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تقریباً 3 لاکھ 15 ہزار غیر مجاز اندراجات کی منسوخی سے مجموعی طور پر 7 لاکھ 60 ہزار افراد کی انشورنس ختم کی جائے گی، جس سے امریکی قومی خزانے کو 2.2 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔ اس کے علاوہ مزید 4 لاکھ 19 ہزار افراد کے کوائف اور اہلیت کی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ہیلتھ کیئر انشورنس کے نئے ایجنٹوں اور بروکادز کی رجسٹریشن پر چھ ماہ کی پابندی بھی عائد کر دی ہے، جن کے بارے میں حکام کا دعویٰ ہے کہ وہ جعلی اندراجات میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ قدم سرکاری اخراجات میں بے جا اضافے کو روکنے اور ٹیکس دہندگان کے پیسوں کی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم، ہیلتھ کیئر پالیسی کے ماہرین اور اپوزیشن ڈیموکریٹک رہنماؤں نے اس اقدام پر شدید تنقید کی ہے۔ ڈیموکریٹک ارکانِ کانگریس کے مطابق، ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کے دوران سبسڈیز کے خاتمے سے پہلے ہی ہیلتھ انشورنس کے پریمیم دو سے تین گنا بڑھ چکے ہیں، اور اب دھوکہ دہی کے نام پر لاکھوں مستحق شہریوں کو طبی سہولیات سے محروم کیا جا رہا ہے۔ ماہرین نے شفافیت کا مطالبہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بغیر درست طریقہ کار کے حقیقی اور مستحق صارفین کو بھی فہرست سے باہر نکال دیا گیا ہے۔
متعلقہ عنوانات
محمود اچکزئی کی وزیراعظم سے ملاقات کیلئے تیسری جگہ مقرر کرنے کی شرط مسترد
17 October 2026
لاہور میں بسنت 2027 کی تاریخیں تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
17 October 2026
ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ کو بلاامتیاز مواقع دیں گے: وزیراعظم
17 October 2026
او آئی سی اجلاس شروع، عراقی وزیراعظم کی ثالثی کیلئے پاکستان کی ستائش
17 October 2026
خطے میں کسی بھی محاذ پر لڑائی کا مطلب جنگ جاری رہنا ہے: ایران
17 October 2026
کے پی حکومت مولانا کے بغیر چلے گی اور ترقی بھی کرے گی: گورنر فیصل کنڈی
17 October 2026
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس آج بغداد میں ہوگا، اسحاق ڈار شرکت نہیں کریں گے
17 October 2026
خیبرپختونخوا میں معدنیات کے لائسنس پی ٹی آئی ادوار میں زیادہ دیئے گئے: خواجہ آصف
17 October 2026