8 فروری کو تحریک تحفظ پاکستان کا ملک گیر احتجاج: علامہ راجہ ناصر عباس
Web Desk
5 January 2026
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی، آئینی اور معاشی بحران کا شکار ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ اپنی اہمیت کھو چکے ہیں اور 26 ویں و 27 ویں آئینی ترامیم کے بعد نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔
کراچی میں صوبائی دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کے عوام بے روزگاری اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، جبکہ ملک میں امن و امان اور معیشت کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید بگڑتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیس مقابلوں میں سینکڑوں افراد مارے گئے اور جیلوں میں ہزاروں بے گناہ قید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش ہے، ٹوٹی سڑکوں اور کھلے گڑھوں کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اور وہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ کراچی، جو ملک کی معاشی حب ہے، اس کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں کرپشن کو فرض اور واجب سمجھ لیا گیا ہے، حکمرانوں کا احتساب ناگزیر ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے حوالے سے کہا کہ خود عالمی ادارے بھی ہزاروں ارب روپے کی کرپشن کی نشاندہی کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے بعد عوام کا حقِ رائے دہی چھینا گیا، جس کے بعد سے ملک سیاسی اور معاشی بحران میں مبتلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے عوام کے مینڈیٹ پر مبنی حکومت کی ضرورت ہے اور وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، تاہم بنیادی نکات پر بات چیت ضروری ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے کو ملک کے ساتھ دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کو ظالمانہ سزائیں دی جا رہی ہیں، جو کسی صورت درست نہیں۔ انہوں نے پیکا ایکٹ کی بھی شدید مذمت کی۔
بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وینزویلا کے منتخب صدر اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف اقدامات کی مذمت کی اور کہا کہ ٹرمپ نے اپنے ہی ملک کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے شخص کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنا افسوسناک ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امام خامنہ ای نے ہر محاذ پر مخالفین کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شہادت کی آرزو رکھتے ہیں وہ کبھی میدان چھوڑ کر نہیں بھاگتے۔
انہوں نے فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام نے اسرائیل کو شکست دی ہے، امریکہ اور اسرائیل کے عزائم آج تک پورے نہیں ہو سکے اور پورے خطے میں انہیں ناکامی کا سامنا ہے۔
آخر میں علامہ راجہ ناصر عباس نے اعلان کیا کہ تحریک تحفظ پاکستان کے تحت 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، جبکہ ملک بھر اور دنیا بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
متعلقہ عنوانات
جاپان: زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی، شدید گرمی اور حبس کی لہر برقرار
30 July 2026
امریکا اور ایران کی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی
30 July 2026
امریکا کے ایک بار پھر ایران پر حملے، درجنوں اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
30 July 2026
ایران کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، ایرانی میڈیا
30 July 2026
امریکی فوج نے ایک بار پھر ایران پر فضائی حملے شروع کر دیے
30 July 2026
امریکا کا ایران کی بحری ناکہ بندی میں مزید 20 تجارتی جہاز واپس موڑنے کا دعویٰ
30 July 2026
امریکن ریڈ کراس کا خون کے ذخائر کی دوسری قومی سطح کی قلت کا اعلان
30 July 2026
کیئیکو فوجیموری نے پیرو کی صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
30 July 2026