پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی کے 200ویں یومِ پیدائش پر یادگاری سکہ
Web Desk
28 November 2026
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے معروف مذہبی و روحانی شخصیت پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی کی 200ویں سالگرہ کے موقع پر 200 روپے مالیت کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کر دیا ہے۔
یہ سکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے کاؤنٹرز سے جاری کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی منظوری سے جاری کیے جانے والے اس سکے کا مقصد ماتا صاحب ہاسی دیوی کی مذہبی اور ثقافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی سندھ کی شادھانی مذہبی روایت سے تعلق رکھنے والی قابلِ احترام روحانی شخصیت تھیں، جنہیں شادھانی دربار کی پانچویں گدی نشین شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ ان کی زندگی عاجزی، روحانی وابستگی، انسانیت کی خدمت اور مختلف برادریوں کے درمیان خیرسگالی کے فروغ سے منسوب کی جاتی ہے، اور پاکستان کی جانب سے ان کی 200ویں سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری کرنا ملک کے مذہبی اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کی ایک اہم علامت ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق سکے کی تیاری میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل استعمال کیا گیا ہے، جبکہ اس کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.50 گرام ہے۔ سکے کے سامنے والے رخ پر پاکستان کا قومی ہلال اور ستارہ، ‘اسلامی جمہوریہ پاکستان’ کا نام، اجرا کا سال 2026 اور اس کی مالیت 200 روپے درج ہے۔ سکے کی پشت پر سندھ کے علاقے حیات پتافی میں واقع پوج شادھانی دربار کی تصویر نمایاں کی گئی ہے، جس کے اوپر ‘پوجیا ماتا صاحب ہاسی دیوی’ درج ہے جبکہ دونوں اطراف 1826 اور 2026 کے ہندسے تحریر کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں یادگاری سکوں کے اجرا کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان منٹ کے ریکارڈ کے مطابق ان سکوں کا آغاز 1976ء میں قائداعظم محمد علی جناح کی 100ویں سالگرہ پر 50 پیسے کے سکے سے ہوا، جس کے بعد 1977ء میں علامہ محمد اقبال کی صد سالہ سالگرہ اور دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس پر ایک روپے کے سکے، جبکہ جنگلی حیات کے تحفظ کے دن کے موقع پر 100، 150 اور 3000 روپے مالیت کے غیر معمولی سکے جاری کیے گئے۔ 1980ء میں اسلامی تاریخ کے 1400 سال مکمل ہونے پر ایک روپے اور 50 پیسے، 1981ء میں عالمی یومِ خوراک پر ایک روپے، 1995ء میں اقوام متحدہ کی 50ویں سالگرہ پر 5 روپے، 1997ء میں پاکستان کی گولڈن جوبلی پر 50 روپے اور 1998ء میں سینیٹ کی سلور جوبلی پر 10 روپے کا سکہ جاری ہوا۔
2000ء کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا، جس میں 2003ء میں مادرِ ملت فاطمہ جناح، 2008ء میں بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی اور 2009ء میں چین کے قیام کی 60ویں سالگرہ پر 10 روپے کے سکے متعارف کرائے گئے۔ 2011ء میں پاک چین دوستی کے 60 سال اور لارنس کالج گھوڑا گلی کی 150ویں سالگرہ پر 20 روپے، 2014ء میں پاک بحریہ کی آبدوز فورس کی گولڈن جوبلی پر 25 روپے، اور 2015ء میں پاک چین دوستانہ تبادلوں کے سال و اسلامیہ کالج پشاور کی صد سالہ تقریبات پر 20، 20 روپے کے سکے جاری کیے گئے۔ اسی طرح 2016ء اور 2017ء میں عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر رتھ فاؤ اور سرسید احمد خان کی خدمات کے اعتراف میں 50، 50 روپے، جبکہ 2018ء میں عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی پر 50 روپے کا سکہ جاری کیا گیا۔
2019ء میں بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن پر 550 روپے کا منفرد سکہ جاری ہوا، جبکہ 2020ء میں افغان مہاجرین کی آمد کے 40 سال مکمل ہونے پر 40 روپے کا سکہ متعارف کرایا گیا۔ 2021ء میں چین اور جرمنی کے ساتھ سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر 70 روپے، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کی صد سالہ تقریبات پر 100 روپے، اور 2022ء میں یو ای ٹی لاہور کی 100ویں سالگرہ و پی این ایس ہنگور کی گولڈن جوبلی پر خصوصی سکے جاری ہوئے۔ 2023ء میں سینیٹ، 1973ء کے آئین کی گولڈن جوبلی، سی پیک کے دس سال اور پاک امریکا تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر 50، 75 اور 100 روپے مالیت کے سکے جاری کیے گئے۔
حالیہ برسوں میں 2024ء میں بابا گرونانک کے 555ویں جنم دن پر 55 روپے اور ایس او ایس چلڈرن ولیجز کی گولڈن جوبلی پر 50 روپے، 2025ء میں نادرا کے 25 سال، ملٹری کالج جہلم کی صد سالہ تقریبات اور معرکۂ حق کی مناسبت سے 25، 100 اور 75 روپے، جبکہ 2026ء میں پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر 75 روپے کا سکہ جاری کیا گیا۔
اس طویل سلسلے کی تازہ کڑی 27 نومبر 2026ء کو جاری ہونے والا 200 روپے کا یہ یادگاری سکہ ہے، جو ملک میں مذہبی رواداری اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی عکاسی کرتا ہے۔ یادگاری سکوں کا بنیادی مقصد اہم تاریخی، قومی اور مذہبی مواقع کو محفوظ بنانا ہوتا ہے اور یہ عام گردش کے بجائے سکے جمع کرنے والوں اور تاریخی نوادرات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔
متعلقہ عنوانات
مکہ دفاعی اتحاد میں سٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے: سعودی وزیر دفاع
28 November 2026
اسرائیل کا حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے پر قاتلانہ حملہ ناکام
28 November 2026
امریکا سے پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے: ایرانی سفیر
28 November 2026
مدرسہ قاسم العلوم گول باغ گلگشت سے متعلق خبریں حقائق کے منافی ہیں، صرف عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرایا گیا: ملتان پولیس
28 November 2026
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل اور صاحبزادے گرفتار، ملتان میں جامعہ قاسم العلوم پر چھاپے کی مذہبی قیادت کی جانب سے مذمت
28 November 2026
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل، صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا: ترجمان جے یو آئی
28 November 2026
محسن نقوی کا نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ، سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ
28 November 2026
کراچی: منہدم عمارت کے ملبے سے مزید دو لاشیں برآمد، تعداد 11 ہو گئی
28 November 2026