ماسکو میں عالمی مذہبی اجتماع، حسین محی الدین قادری پاکستان کی نمائندگی کریں گے
Web Desk
27 September 2026
روس کی مسلم روحانی اسمبلی کی دسویں اور ماسکو مفتیات کی پندرہویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر ماسکو میں ایک بڑی بین الاقوامی علمی و عملی کانفرنس اور خصوصی ثقافتی تقریب کل 28 ستمبر کو منعقد ہوگی، جس میں پاکستان کی نمائندگی نامور علمی و مذہبی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کریں گے۔
روس میں منائے جانے والے عوامی اتحاد کے سال کے سلسلے میں ہونے والی ان تقریبات میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے 40 ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود اور روس کے 60 سے زائد علاقوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ مرکزی پروگرام کے تحت ’’روس کے روایتی مذاہب، اتحاد کے فروغ اور معاشرتی ترقی میں کردار‘‘ کے عنوان سے یہ بین الاقوامی کانفرنس ماسکو کے معروف پریذیڈنٹ ہوٹل میں منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری بین المذاہب مکالمے، روایتی مذہبی اقدار، عالمی امن، باہمی ہم آہنگی اور مختلف اقوام کے مابین تعاون کے موضوعات پر ہونے والے پروگراموں میں شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں برکس (BRICS)، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO)، آسیان، مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، افریقہ، یورپ اور براعظم امریکہ کے ممالک سے آنے والے وفود شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ روس کے 60 سے زائد وفاقی علاقوں کے نمائندگان، وفاقی قانون ساز و انتظامی اداروں کے سربراہان، علاقائی گورنرز، روایتی مذاہب کے رہنما اور اہم سماجی و عوامی تنظیموں کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
کانفرنس کا مرکزی اجلاس صبح 10 بجے شروع ہوگا، جبکہ دوپہر 2 بجے مختلف موضوعاتی اجلاس منعقد ہوں گے۔ ریڈ ہال میں ’’امن اور ہم آہنگی کے فروغ میں مذہبی تنظیموں کا بین الاقوامی تعاون‘‘ کے عنوان سے نشست ہوگی، جس میں مذہب، سائنس اور ثقافت جیسے شعبوں میں اخلاقی اتحاد کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ راؤنڈ ہال میں روس کی مسلم روحانی اسمبلی کی مجلس کا باقاعدہ اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
روس کی مسلم روحانی اسمبلی کے سربراہ البیر حضرت کرگانوف نے اس موقع پر کہا کہ بیرون ملک سے پروگرام میں شرکت کے لیے ظاہر کی جانے والی گہری دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ روس دنیا کے متعدد ممالک کے ساتھ فعال بین الاقوامی مکالمہ کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 ستمبر کو غیر ملکی مہمانوں کو نیو ماسکو میں بین المذاہب روحانی، تعلیمی اور ثقافتی مرکز کے منصوبے کے ساتھ ساتھ روسی ریاست کے پہلے مفتی محمد جان حسینوف کے نام سے منسوب مستقبل کی ماسکو مرکزی جامع مسجد کے منصوبے کے بارے میں بھی بریفنگ دی جا چکی ہے۔
سالگرہ کی ان تقریبات کا شاندار اختتام اسٹیٹ کریملن پیلس میں ’’ایمان کی طاقت قوموں کے اتحاد میں ہے‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی شام کے انعقاد پر ہوگا۔ اس ثقافتی پروگرام میں روسی اسلام کی ایک ہزار سالہ تاریخ، روایتی روحانی و اخلاقی اقدار، وطن کی خدمت اور روس میں آباد مختلف اقوام کے اتحاد کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا، جہاں معروف فنکار اور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ مہمانوں کے لیے ’’مشرق سے روشنی‘‘ کے عنوان سے آل رشین نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں وولگا بلغاریہ میں اسلام قبول کیے جانے کی تاریخ، روسی مسلمانوں کی روایات، قومی ہیروز اور رضاکاروں سے متعلق نایاب فن پارے اور تصاویر پیش کی جائیں گی۔
متعلقہ عنوانات
انتظامی یونٹس میں اضافہ پاکستان کے استحکام کے لیے ضروری ہے: خالد مقبول صدیقی
18 October 2026
امریکا شرائط مانے تو چھٹے روز آبنائے ہرمز کھلے گا، ساتویں روز مذاکرات ہونگے: ایران
18 October 2026
خیبر پختونخوا کی معدنیات عوام کی ہیں اور رہیں گی: طارق فضل چودھری
18 October 2026
اسحاق ڈار کا ایرانی اور مصری وزرائے خارجہ سے رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
18 October 2026
خیبرپختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کردیا: امیر مقام
18 October 2026
مہر داد اخلاقی ایران کے نئے وزیر دفاع منتخب
18 October 2026
خواجہ آصف نے یوروکریٹس کی بیرونِ ملک ہجرت بارے سوالات اٹھا دیے
18 October 2026
دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متنازع نہ بنایا جائے: بلاول بھٹو
18 October 2026