ماسکو میں عالمی مذہبی کانفرنس، پاکستان سمیت 40 ممالک کے وفود کی شرکت
Web Desk
30 September 2026
روس کے دارالحکومت ماسکو کے پریزیڈنٹ ہوٹل میں روایتی مذاہب کے سماجی کردار، عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت 40 ممالک کے وفود اور روس کے 60 سے زائد وفاقی علاقوں سے مذہبی، سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
“روس کے روایتی مذاہب، اتحاد کے استحکام اور معاشرتی ترقی میں کردار” کے عنوان سے منعقدہ اس کانفرنس کا اہتمام روحانی اجتماعِ مسلمینِ روس نے روسی حکومتی اداروں، سفارتی حلقوں اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے کیا تھا۔ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔
اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ دنیا اس وقت جنگوں، نفرت، تقسیم اور عدم برداشت جیسے سنگین چیلنجز کی لپیٹ میں ہے، جن سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مذہبی اور روحانی قیادت کو آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاہب کے درمیان مکالمہ صرف رسمی کانفرنسوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے معاشروں میں امن، انصاف، برداشت اور انسانی احترام کے فروغ کا عملی ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعاون کے ساتھ ساتھ علمی، ثقافتی، تعلیمی اور مذہبی روابط کو بھی مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس کے شرکا نے غزہ اور ایران میں متاثر ہونے والے شہریوں کے ساتھ گہرے دکھ اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جنگی کشیدگی اور شہری ہلاکتوں کی فوری روک تھام کا مطالبہ کیا۔ تقریب میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال پر بھی گفتگو کی گئی، جہاں شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انسانی فیصلوں، اخلاقی ذمہ داری اور مذہبی اقدار کو ہرگز ٹیکنالوجی کے تابع نہیں ہونا چاہیے۔کانفرنس کے اختتام پر ایک 14 نکاتی قرارداد منظور کی گئی، جس میں مذہبی ہم آہنگی، روحانی اقدار کے تحفظ، عالمی تنازعات کے پُرامن حل اور ریاستی و مذہبی اداروں کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ماسکو کے مفتی اور روحانی اجتماعِ مسلمینِ روس کے سربراہ البیر حضرت کرگانوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار عالمی امن کا آغاز ہر ملک کے اندر موجود مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام سے ہوتا ہے۔ کانفرنس کے بعد ماسکو کے سرکاری کریملن محل میں “ایمان کی طاقت، قوموں کے اتحاد میں” کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں روس میں اسلام کی تاریخی موجودگی اور قومی یکجہتی کو دستاویزی فلم کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان کا ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران جانی نقصان پر اظہار تعزیت
30 September 2026
پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں پارلیمانی امور پر مشاورت، اجلاس میں اہم معاملات زیر غور
30 September 2026
پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے کرسچن میرج بل 2026 کی منظوری دے دی
30 September 2026
پاکستان ایس سی او سربراہ اجلاس کی کامیاب میزبانی کیلئے پرعزم ہے: اسحاق ڈار
30 September 2026
آئی پی پیز نے ملک کی کمر توڑ دی، سسٹم کو بدل کر ضلعی معیشت پر جانا ہوگا، ایس ایم تنویر
30 September 2026
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے وکلا کی فہرست جیل حکام کے حوالے
30 September 2026
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کی سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، الوداعی دورہ
30 September 2026
زندہ دلان لاہور کیلئے بڑی خوشخبری! 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری
30 September 2026