مومنہ اقبال کا ایم پی اے کی عبوری ضمانت میں توسیع پر سخت ردِعمل
Web Desk
5 July 2026
معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری قبل از گرفتاری ضمانت میں ایک بار پھر توسیع کے بعد موجودہ قانونی کارروائی اور انصاف کے نظام پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
لاہور کی سیشن عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے دونوں کو پولیس تحقیقات میں شامل ہونے کی سخت ہدایت کی ہے، جبکہ استغاثہ سے آئندہ سماعت پر تفصیلی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
عدالتی کارروائی کے بعد اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سٹوری شیئر کی، جس میں کسی کا نام لیے بغیر انہوں نے لکھا کہ “مجھے پہلے لگتا تھا کہ اثر و رسوخ صرف بھوانہ تک محدود ہے، تاہم اب محسوس ہوتا ہے کہ ایک ایم پی اے ہونے کا پورا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے”۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے نمائندوں کو متعدد بار ہراساں کیا گیا، ان کا تعاقب کیا گیا اور انہیں مختلف طریقوں سے دباؤ کا شکار بنانے کی کوشش کی گئی۔ اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ کیا عام شہریوں کے مقدمات بھی اسی طرح چلتے ہیں یا صرف بااثر افراد کو ہی عدالتوں سے بار بار تاریخیں ملتی ہیں۔
یاد رہے کہ یہ معاملہ رواں سال مئی میں اس وقت سامنے آیا تھا جب مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک رکنِ صوبائی اسمبلی کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے باقاعدہ درخواست میں ثاقب چدھڑ کا نام شامل کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے شادی کی پیشکش مسترد ہونے پر اداکارہ اور ان کے منگیتر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جبکہ ان کی بہن کو بھی دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے۔
اس کیس کی حساسیت کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی پہلے ہی خبردار کر رکھا ہے کہ اس مقدمے میں کسی بھی قسم کا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنے یا کسی کو دھمکانے کی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 4 جون کو این سی سی آئی اے (NCCIA) نے ثاقب چدھڑ کے خلاف سائبر کرائم اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد انہیں 5 جون کو عبوری قبل از گرفتاری ضمانت مل گئی تھی اور اس میں اب تک متعدد بار توسیع کی جا چکی ہے۔
متعلقہ عنوانات
شہباز شریف نے مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا
28 October 2026
حکومت اور پیپلز پارٹی مذاکرات کا دوسرا دور ختم، بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق
28 October 2026
سعودی سفیر کی خواجہ آصف سے ملاقات، دفاعی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
28 October 2026
سہیل آفریدی سمیت دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری کا حکم نامہ جاری
28 October 2026
لاہور میں بچوں کی گائیکی نے نارویجن موسیقار کو جھومنے پر مجبور کردیا، ویڈیو وائرل
28 October 2026
برآمدات میں اضافے کیلئے جی ایس پی پلس فریم ورک سے بھرپور استفادہ کیا جائے: اسحاق ڈار
28 October 2026
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے 6 رفقاء کی فہرست جیل حکام کو جمع
28 October 2026
روہڑی کے قریب ایل پی جی باؤزر دھماکے میں 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی
28 October 2026