عمران خان کا شفا ہسپتال میں تفصیلی معائنہ، صحت مند قرار، دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا: عطا تارڑ
Web Desk
21 August 2026
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو تمام درکار طبی معائنوں کے بعد اسلام آباد کے ہسپتال سے دوبارہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری کردہ اپنے باضابطہ بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات اور ہدایت کی روشنی میں قیدی کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب انتہائی سخت سکیورٹی کے حصار میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد لے جایا گیا۔
عطا تارڑ کے مطابق، ہسپتال میں ماہرِ امراضِ چشم (Ophthalmologist)، ماہرِ امراضِ قلب (Cardiologist) اور کنسلٹنٹ فزیشن پر مشتمل مستند طبی ماہرین کی ٹیم نے ان کے تفصیلی طبی معائنے کیے اور تمام ضروری ٹیسٹوں کے بعد انہیں طبی طور پر مکمل صحت مند قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے مزید واضح کیا کہ عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان طبی معائنے اور تمام تشخیصی مراحل کے دوران خود ہسپتال میں موجود رہیں۔ تمام تر طبی مراحل مکمل ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو صبح تقریباً 5 بجے کے قریب بحفاظت اڈیالہ جیل واپس پہنچا دیا گیا۔
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال روانگی کے موقع پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے اطراف پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی عمل کی نگرانی کے لیے جیل اور ہسپتال میں موجود رہے، جبکہ ان کی دوسری ہمشیرہ نورین نیازی اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے وضاحت کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی اور سکیورٹی سے متعلق تمام امور اسلام آباد انتظامیہ نے نمٹائے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دیا جانے والا ریلیف قانونی تقاضوں سے مختلف تھا، تاہم عدالتی احکامات پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جبکہ حکومتی نظرثانی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے بعد واپس ہو گئی تھی۔
متعلقہ عنوانات
اسلام آباد پر لشکر کشی کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: خواجہ آصف
7 October 2026
7 اکتوبر کے طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کو شکست دی: حافظ نعیم الرحمان
7 October 2026
بیلاروسی وفد کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
7 October 2026
محسن نقوی، طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی کی ملاقات
7 October 2026
صومالی بحری قزاقوں سے بازیاب تین پاکستانی کراچی پہنچ گئے
7 October 2026
ایران افزودگی کے حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا، ایرانی عہدیدار
7 October 2026
کوئٹہ سے پنجگور جاتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج اسد اللہ رئیسانی لاپتا
7 October 2026
عالمی مسائل کے حل کیلئے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کا کردار مزید اہم ہو گیا: اسحاق ڈار
7 October 2026