سفیرِ پاکستان کی امریکی کانگریس قیادت سے اہم ملاقات، پاک۔امریکہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
Web Desk
8 January 2026
امریکہ میں سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے نئے سال کے آغاز پر اعلیٰ امریکی قیادت سے ملاقاتوں کا مثبت آغاز کرتے ہوئے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سالِ نو کی مبارکباد دی گئی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان نے پاک۔امریکہ تعلقات کے فروغ میں چیئرمین برائن ماسٹ کی قیادت، کاوشوں اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس عزم کا حوالہ دیا کہ دوطرفہ تعلقات کو اقتصادی تعاون پر مبنی طویل المدتی اور پائیدار شراکت داری میں تبدیل کیا جائے، اور کہا کہ 2026 کو ’’عمل کا سال‘‘ قرار دیا جانا چاہیے۔
رضوان سعید شیخ نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی معاشی مکالمہ جلد شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے توانائی، دفاع، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبوں میں جامع اور فوری ڈائیلاگ کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ کم لاگت اور اعلیٰ معیار کی صلاحیتوں کے باعث پاکستان امریکی منڈی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔
سفیرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں تیار کردہ سرجیکل آلات اور مصنوعات عالمی سطح پر اپنے اعلیٰ معیار کے باعث مشہور ہیں، جبکہ موافق تجارتی ماحول اور مناسب توجہ ٹیکسٹائل اور دیگر برآمدات میں نمایاں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے گزشتہ پانچ فیفا ورلڈ کپ میچز میں سیالکوٹ میں تیار شدہ فٹ بالوں کے مسلسل استعمال کو پاکستانی اسپورٹس گڈز انڈسٹری کی صلاحیت کا واضح ثبوت قرار دیا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیرِ پاکستان نے کہا کہ افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی پاکستان کی سلامتی اور علاقائی و بین الاقوامی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ان کے مطابق افغانستان میں پناہ لینے والے دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث 2024 میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 40 فیصد جبکہ 2025 میں مزید 25 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے افغانستان سے انخلا کے وقت چھوڑے گئے اسلحے کے غلط اور جارحانہ استعمال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
سفیرِ پاکستان نے چیئرمین برائن ماسٹ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ یہ دورہ پارلیمانی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
متعلقہ عنوانات
امریکا؛ سپریم کورٹ نے’چرسیوں‘ کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دیدی
18 June 2026
امریکی فوج نے ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کردی
18 June 2026
مغرب میں جمہوریت اور مشرق میں کمیونزم ناکام، حل اسلامی نظام میں ہے: مولانا فضل الرحمٰن
18 June 2026
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا تاریخی ٹیلیفونک رابطہ
18 June 2026
وزیراعظم نے کفایت شعاری اقدامات میں توسیع کی منظوری دے دی
18 June 2026
فیلڈ مارشل سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق
18 June 2026
وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ کردیا
18 June 2026
سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست سننے والا سنگل بنچ تحلیل
18 June 2026