پاکستان حالیہ آئینی ترامیم نے عدلیہ کی آزادی کو شدید متاثر کیا، عالمی رپورٹ
Web Desk
8 July 2026
پیرس اور لاہور سے جاری کی جانے والی ایک نئی مشترکہ رپورٹ میں پاکستان کے عدالتی نظام کے تمام شعبوں اور سطحوں پر وسیع پیمانے پر پھیلی منظم بدعنوانی (کرپشن) کا سنسنی خیز انکشاف کیا گیا ہے، جس کے انسانی حقوق پر انتہائی سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس (FIDH) اور اس کی رکن تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کی جانب سے ’انڈر دی بینچ: پاکستان کے عدالتی نظام میں بدعنوانی کے خطرات کا جائزہ‘ کے عنوان سے جاری 32 صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک کی عدالتوں میں کرپشن اس حد تک سرایت کر چکی ہے جس نے عدلیہ کی آزادی، اس کی افادیت، منصفانہ ٹرائل کے حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کی صلاحیت کو مفلوج کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، شواہد اشارہ کرتے ہیں کہ یہ عدالتی کرپشن اب انفرادی سطح سے نکل کر ایک منظم شکل اختیار کر چکی ہے، جو ‘گرانڈ کرپشن’ کے زمرے میں آتی ہے۔ FIDH کی سیکرٹری جنرل شاہندہ اسماعیل کا کہنا ہے کہ عدلیہ میں کرپشن کوئی بے ضرر جرم نہیں ہے، بلکہ اس نے خاص طور پر معاشرے کے کمزور طبقات اور اقلیتوں کے لیے منصفانہ ٹرائل کے حق کو شدید متاثر کیا ہے۔
وکلاء، صحافیوں، ججز اور سول سوسائٹی کے ارکان کے انٹرویوز پر مبنی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ناقص انتظامی ڈھانچے کی وجہ سے عدالتوں میں رشوت ستانی، اقربا پروری اور پسند ناپسند کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے۔ رپورٹ میں خاص طور پر حالیہ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان اقدامات نے ججز کے تقرر اور برطرفی کے طریقہ کار کو تبدیل کر کے اعلیٰ عدلیہ کی رہی سہی آزادی کو بھی ختم کر دیا ہے اور عدلیہ پر ریاستی تسلط (اسٹیٹ کیپچر) کو قائم کیا ہے۔ مزید برآں، رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عدالتی کرپشن کے براہِ راست اثرات غریب برادریوں کے حقوق کی پامالی، دورانِ حراست تشدد میں اضافے، سزائے موت کے اطلاق اور قانون کے شعبے میں صنفی عدم مساوات کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں، جبکہ موجودہ انسدادِ کرپشن کے ادارے احتساب کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔ HRCP کے سیکرٹری جنرل حارث خلیق نے زور دیا ہے کہ ججوں کی مراعات بڑھانے یا عدالتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے سے کرپشن ختم نہیں ہوگی، بلکہ اس کے لیے عدلیہ کی آزادی کو مکمل بحال کرنا ہوگا اور غلط فیصلوں کا باعث بننے والے بنیادی محرکات کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔ رپورٹ کے آخر میں شفافیت کو یقینی بنانے اور وسل بلورز (حقائق سامنے لانے والوں) کو تحفظ دینے کے لیے اہم سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔
متعلقہ عنوانات
ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
21 August 2026
عمران خان کا شفا ہسپتال میں تفصیلی معائنہ، صحت مند قرار، دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا: عطا تارڑ
21 August 2026
بلوچستان میں دشمن عناصر ریاست اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں: فیلڈ مارشل
21 August 2026
پاکستان اور شام کا دفاعی شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانے پر اتفاق
21 August 2026
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا
21 August 2026
صدر مملکت کا پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن کی خدمات کا اعتراف
21 August 2026
پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی، اسلام آباد کیلئے کال دوں گا: حافظ نعیم الرحمان
21 August 2026
حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا
21 August 2026