امریکی، چینی اور روسی صدور کی چین میں تاریخی ملاقات، سرد جنگ کی ذہنیت ترک کرنے پر زور
Web Desk
19 November 2026
چین کے شہر شین ژین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک / APEC) اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان تاریخ کی پہلی سہ فریقی سربراہ ملاقات منعقد ہوئی، جسے تینوں عالمی رہنماؤں نے غیر معمولی اور تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
اس تاریخی ملاقات کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ یہ مذاکرات تاریخی نوعیت کی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تینوں بڑی طاقتوں کے درمیان یہ بات چیت واقعی تاریخ رقم کر رہی ہے۔
سہ فریقی اجلاس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ روسی صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران ٹرمپ نے پوتن کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں۔ شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین دونوں یوکرین جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں، جبکہ امریکا، چین اور روس دنیا کی بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور وہ زمین پر موجود جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے کے طریقوں پر بات چیت کے لیے منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں جوہری پھیلاؤ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے اور ہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین جنگ پر پوتن کے ساتھ پہلے ہی طویل گفتگو ہو چکی ہے اور انہیں امید ہے کہ روس سمیت تمام متعلقہ فریق اس جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہوں گے۔
اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس، چین اور امریکا اگر تعمیری تعاون کریں تو عالمی استحکام کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، اور اقوامِ متحدہ کے بانی ارکان ہونے کے ناطے تینوں ممالک پر بین الاقوامی قانون کے نظام کو مضبوط بنانے کی خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مثبت روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ آج کی دنیا ایک ایسا عالمی گاؤں بن چکی ہے جہاں تمام اقوام کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے روس، چین اور امریکا پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے ذریعے دنیا کے لیے ایک مثال قائم کریں۔
چین نے سرد جنگ کی ذہنیت ترک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حساس معاملات پر اختلافات اور غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے ہنگامی رابطہ کاری کا نظام قائم کرنا ضروری ہے، اور بڑی طاقتوں کو ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور حساس معاملات میں ریڈ لائنز کا احترام کرنا چاہیے۔ صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ تجارتی روابط منقطع کرنے کی پالیسی سے گریز کیا جائے اور تنازعات و اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایٹمی جنگ نہ جیتی جا سکتی ہے اور نہ ہی ہونی چاہیے، اس لیے جوہری ہتھیاروں پر مکمل پابندی کے لیے کوشش کی جانی چاہیے، جبکہ تینوں ممالک عالمی توانائی کی فراہمی کے نظام کے استحکام کے لیے بھی رابطے اور تعاون بڑھا سکتے ہیں۔
متعلقہ عنوانات
جے یو آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ، مفتی ابرار احمد کو وارنٹ کی تعمیل کروا دی
19 November 2026
عالمی و مقامی سطح پر سونے چاندی کی قیمتوں میں کمی
19 November 2026
جنگ کے طریقے تبدیل، مسلح افواج جدید تقاضوں کے مطابق تیار ہیں: نیول چیف
19 November 2026
کوئٹہ: مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر میں تصادم، خاتون اور بچے سمیت 10 افراد جاں بحق
19 November 2026
پارٹی کیخلاف ہتک آمیز بیانات، مرکزی مسلم لیگ کا عظمیٰ بخاری کو ہرجانے کا نوٹس
19 November 2026
مریم نواز نے سی ایم سولر پینل سکیم فیز ٹو کی منظوری دے دی
19 November 2026
شمالی وزیرستان میں فورسز کا کامیاب سرچ آپریشن، بارودی مواد کا بڑا ٹھکانہ تباہ
19 November 2026
عدالت کا 15 روز میں نادرا ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کرنے کا حکم
19 November 2026