ملٹری آپریشن کے خاتمے، عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مائنز ایکٹ کی منسوخی کا مطالبہ
Web Desk
13 September 2026
کراچی: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے زیراہتمام کراچی پریس کلب میں سردار عطاء اللہ خان مینگل کی یاد اور 2 ستمبر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک نمائندہ تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا، جس میں ملک کی سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤ ں نے متفقہ طور پر کئی اہم اور سخت قراردادیں منظور کیں۔
تعزیتی ریفرنس کی منظور شدہ قراردادوں میں بلوچستان کے بلوچ اور پشتون علاقوں میں جاری فوجی آپریشنز، ماورائے عدالت اقدامات اور انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکا نے زور دیا کہ ملک بھر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔
قرارداد کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، علی وزیر، ڈاکٹر ایمان مزاری، ہادی چٹھہ، نوراللہ ترین، بشریٰ بی بی اور دیگر سیاسی قیدیوں پر قائم انتقامی مقدمات ختم کر کے ان کی فوری رہائی پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ کوٹ لکھپت جیل میں قید یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور صاحبزادہ حامد رضا کے خلاف ملٹری کورٹس (فوجی عدالتوں) میں زیرِ التوا کیسز کو فی الفور ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔
آئینی اور معاشی امور پر بات کرتے ہوئے اجلاس میں ’بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ‘ کو صوبے کے قدرتی وسائل پر نوآبادیاتی قبضے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اسے فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکا نے قلات ڈویژن کا نام تبدیل کرنے، مستونگ کو کوئٹہ میں ضم کرنے اور ڈویژنز و اضلاع کی نئی حد بندیوں کو تاریخی علاقوں کی تقسیم اور سیاسی انتقام کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ‘فارم 47’ کے نتیجے میں قائم حکومت کے پاس صوبوں یا اضلاع کی حدود میں تبدیلی کا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں ہے۔
علاوہ ازیں، تعزیتی ریفرنس میں تفتان، چمن، بادینی، ماشکیل اور گوادر سمیت تمام سرحدات پر تجارتی سرگرمیوں کی فوری بحالی، جدی پشتی زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی منسوخی اور سہراب، خضدار اور مستونگ سمیت متاثرہ علاقوں میں بمباری، درختوں کی کٹائی اور نقل مکانی پر مجبور کرنے جیسے اقدامات کو فی الفور روکنے کا زوردار مطالبہ کیا گیا۔
متعلقہ عنوانات
اپوزیشن کمیٹی کے ساتھ اچھا معاہدہ تیار ہوا، سہیل آفریدی نے سبوتاژ کر دیا: محسن نقوی
4 October 2026
پاک بھارت سرحد پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ، شہید پاکستانی شہریوں کی نمازِ جنازہ ادا
4 October 2026
وزیراعظم کی محسن نقوی سے ملاقات، خیبرپختونخوا میں امن و امان کیلئے سخت فیصلوں پر غور
4 October 2026
وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات، اپوزیشن سے مذاکرات پر تبادلہ خیال
4 October 2026
خیبرپختونخوا حکومت تحریری معاہدے پر اتفاق کرکے آخری وقت میں پیچھے ہٹ گئی: محسن نقوی
4 October 2026
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مذاکراتی کمیٹی کو بھیجے ڈرافٹ کا مسودہ جاری کر دیا
4 October 2026
اسلام آباد مفاہمت کی 7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی: قالیباف
4 October 2026
پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا آغاز، 5 روڈ منصوبے نجی شعبے کے سپرد
4 October 2026