پاکستان کی معیشت میں استحکام آ رہا ہے، ملک معاشی بحالی کی راہ پر گامزن ہے: احسن اقبال
Web Desk
7 March 2026
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ماہانہ ترقیاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان کی معیشت میں نمایاں استحکام آیا ہے اور ملک معاشی بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محتاط اور مربوط میکرو اکنامک پالیسیوں کے باعث معاشی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں اور حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ خطے میں تیل کا ایک بڑا بحران پیدا ہو رہا ہے جس کے اثرات ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں ممالک پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور ایک خاندان میں متعدد گاڑیوں کے بجائے ایک گاڑی استعمال کر کے ایندھن کی بچت کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی تا فروری 2025-26 کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 5.5 فیصد رہی جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 5.9 فیصد تھی، جبکہ فروری 2026 میں مہنگائی کی شرح 7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس عرصے میں انڈوں کی قیمت میں 22.4 فیصد، مرغی میں 20 فیصد اور آلو کی قیمت میں 16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی وزیر کے مطابق لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کے شعبے میں جولائی تا دسمبر کے دوران 4.8 فیصد اضافہ ہوا اور 22 میں سے 14 صنعتی شعبوں میں مثبت نمو دیکھی گئی۔ گاڑیوں کی پیداوار میں 67.2 فیصد، غیر دھاتی معدنی مصنوعات میں 10.5 فیصد اور ملبوسات میں 7.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی تا فروری کے دوران ٹیکس وصولیاں بڑھ کر 8.1 کھرب روپے تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 7.3 کھرب روپے تھیں، جبکہ ترسیلات زر میں 11.3 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 23.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ بیرونی شعبے میں بھی بہتری آئی ہے۔ جولائی تا جنوری کے دوران اشیاء اور خدمات کی مجموعی برآمدات 24 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 44.4 ارب ڈالر رہیں، جبکہ سروسز ایکسپورٹس بڑھ کر 7.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 585 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی اور 403 ارب روپے کی فنڈنگ فراہم کی گئی۔ پی ایس ڈی پی کے فنڈز کے استعمال کی شرح 36 فیصد رہی جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 20 فیصد تھی۔
وفاقی وزیر کے مطابق ترقیاتی منصوبوں سے تقریباً 18 ہزار 366 براہ راست اور 7 ہزار 320 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے باعث 9.9 ارب روپے کی بچت بھی ممکن ہوئی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت پانچ سالہ روڈ میپ پر کام جاری ہے، جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ بھی آئندہ شراکت داری کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے
متعلقہ عنوانات
گزشتہ چند گھنٹوں میں حملوں کے دوران 144 حوثی کمانڈرز اور جنگوؤں کو ہلاک یا زخمی کردیا: یمنی فورسز
19 November 2026
شی جن پنگ اور پیوٹن بھی ایران جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں: امریکی صدر
19 November 2026
ایران کیخلاف استعمال ہونے والی ہر سرزمین ہمارا ہدف ہوگی: پاسداران انقلاب کا انتباہ
19 November 2026
خطے کے ممالک جارح قوتوں کو ایران کیخلاف اپنی سرزمین کا استعمال کرنے سے روکیں، ایرانی وزارت خارجہ
19 November 2026
سعودیہ کی کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت
19 November 2026
این سی سی آئی اے کا آن لائن جوئے کیخلاف پاکستان کا سب سے بڑا آپریشن، 5 ملزمان گرفتار
19 November 2026
ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ ٹاور پر حوثیوں کا میزائل حملہ
19 November 2026
نیتن یاہو کی ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کیلئے کوششیں تیز
19 November 2026