ساتویں سٹریٹجک ڈائیلاگ: پاکستان اور چین کا ایک دوسرے کی مکمل حمایت کا اعلان
Web Desk
5 January 2026
بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان ساتویں پاک–چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ڈائیلاگ کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر غیر متزلزل حمایت، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ پاکستان نے ایک چین پالیسی کے تحت تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ اور جنوبی بحیرۂ چین سے متعلق چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔
فریقین نے پاک–چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مشترکہ تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، جن کا مقصد نسل در نسل دوستی کو فروغ دینا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔ اعلامیے میں پاکستان اور چین کو آہنی دوست، اسٹریٹجک شراکت دار اور بااعتماد ساتھی قرار دیا گیا۔
ڈائیلاگ کے دوران اسٹریٹجک و سیاسی تعاون، دفاع و سلامتی، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی اور عوامی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ علاقائی و عالمی امور پر قریبی رابطے، باہمی اعتماد میں اضافہ، مشترکہ مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے ایکشن پلان (2025–2029) کے مؤثر نفاذ، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔ پاکستان نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقیاتی کامیابیوں کو سراہا اور 14ویں پانچ سالہ منصوبے کی تکمیل اور 15ویں منصوبے کے آغاز پر مبارکباد دی۔
اعلامیے کے مطابق چین نے پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کوششوں، قربانیوں اور پاکستان میں چینی شہریوں و منصوبوں کے تحفظ کو سراہا۔ دونوں فریقین نے دہشت گردی کے دوہرے معیار کی مخالفت کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا تاکہ سی پیک محفوظ اور ہموار انداز میں آگے بڑھے۔
سی پیک 2.0 کے تحت صنعت، زراعت اور معدنیات پر توجہ، گوادر بندرگاہ کی تعمیر و آپریشن، قراقرم ہائی وے کی روانی، خنجراب پاس کو سال بھر تجارت و عوامی روابط کے لیے کھلا رکھنے اور تیسرے فریق کی شمولیت کو متفقہ طریقۂ کار کے تحت خوش آئند قرار دیا گیا۔ مالیاتی و بینکاری تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی مالیاتی فورمز پر باہمی حمایت پر بھی اتفاق ہوا۔
فریقین نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری، تاریخی حقائق مسخ کرنے کی مخالفت اور فاشزم و عسکریت پسندی کے خلاف موقف دہرایا۔ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام، تنازعات کے مذاکراتی حل، اور افغانستان سے متعلق سہ فریقی و کثیرالجہتی فریم ورکس کو فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
غزہ کے حوالے سے غیر مشروط، جامع اور مستقل جنگ بندی، فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ مغربی کنارے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری توجہ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آخر میں دونوں ممالک نے پاک–چین آہنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ اگلا اسٹریٹجک ڈائیلاگ آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا
متعلقہ عنوانات
پاکستان اورعمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا
22 November 2026
مخصوص طبقہ ملک پرمسلط، اِن سےجان چھڑانی ہوگی: حافظ نعیم الرحمٰن
22 November 2026
12 مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، میئر کراچی
22 November 2026
ایک وزیر آجکل مجھ پر تبصرے کر رہا ہے، جواب دیا تو منہ چھپانےکے قابل نہیں رہےگا: محسن نقوی
22 November 2026
استنبول: ساتویں عالمی ویمن سمٹ، اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد کی شرکت
22 November 2026
پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں نیوکلیئر سیکیورٹی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا
22 November 2026
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے اراکینِ قومی اسمبلی کا اسلام آباد میں اہم اجلاس
22 November 2026
نئے صوبوں کا قیام ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے ناگزیر ہے: مصطفیٰ کمال
22 November 2026