LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY:
China:
Pakistan:
India:
TV ONE Logo
اہم خبریں
پاکستان کا کرغزستان کے ساتھ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار ملک میں کاروباری اوقات کار میں اضافے کی سفارش صدر زرداری سے لندن میں محسن نقوی کی ملاقات، اہم پیغام پہنچایا وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں صدارتی محل آمد، گارڈ آف آنر پیش ایف سی بلوچستان ٹریننگ سینٹر خضدار میں بیسک ملٹری ٹریننگ بیچ 76 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ یوم دفاع و شہداء: پشاور کے تعلیمی اداروں میں پاک فوج کے زیراہتمام تقریبات ایئر ڈیفنس نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائلوں کو ناکام بنا دیا: اردن پاسداران انقلاب کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں پر مشتبہ گاڑی چڑھ گئی، 4 افراد جاں بحق نیپال میں تباہ کن سیلاب: ہلاکتیں 1050 تک پہنچ گئیں، 4 ہزار افراد تاحال لاپتہ امریکا کی بچوں کے پاسپورٹ کے حصول کیلئے نئی تجویز پیش امریکی، روسی اور چینی صدور کی ایشیا پیسفک سربراہ کانفرنس کے موقع پر ملاقات متوقع امریکی صدر نے ہنگ کاؤ کو امریکا کا نیول سیکرٹری نامزد کردیا اسمبلیاں جب چاہیں گی دو تہائی اکثریت سے نئے صوبے بن جائیں گے: اعظم نذیر تارڑ روس کی یوکرین کو تنازع کے حل کیلئے ٹھوس مذاکرات کی پیشکش جوابی کارروائی میں امریکی فوج کے ایم کیو نائن ڈرون کو نشانہ بنایا گیا: پاسداران انقلاب

امریکا کا وینزویلا پر حملہ کامیاب، صدر اور اہلیہ کو گرفتار کرکے ملک بدر کردیا: ٹرمپ

Web Desk

3 January 2026

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف ایک بڑا اور کامیاب آپریشن مکمل کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ریاستہائے متحدہ امریکا نے وینزویلا کی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی، جو امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے انجام دی گئی۔ ان کے مطابق اس آپریشن کی مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

اس سے قبل اطلاعات سامنے آئیں کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت کراکس سمیت مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے۔ کراکس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں کم از کم سات دھماکے ہوئے ہیں۔

امریکی حکام نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ امریکا وینزویلا کے خلاف فوجی کارروائی کر رہا ہے۔ وینزویلا کی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ حملے کراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں کیے گئے۔ وینزویلا حکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد ملک کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے۔

وینزویلا حکومت نے امریکی حملوں کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ہمارے وسائل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ حملوں کے بعد صدر نکولس مادورو نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

دوسری جانب روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ صدر مادورو صدارتی محل چھوڑ چکے ہیں۔ روسی میڈیا کے مطابق وینزویلا کے بعض جزائر میں امریکی میرینز کے زمینی آپریشن شروع ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ادھر کولمبیا کے صدر نے کہا ہے کہ کراکس پر میزائل داغے جا رہے ہیں اور انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراکس کے جنوبی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے، شہریوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ مختلف مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے جا رہے ہیں۔ ایک اہم فوجی اڈے فورچونا کے قریب بھی شدید دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔

ادھر کولمبیا میں امریکی سفارتخانے نے وینزویلا میں موجود امریکی شہریوں کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور وینزویلا کا سفر نہ کریں۔