ایرانی فوج کا آبنائے ہرمز اور خلیج فارس پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ
Web Desk
28 September 2026
ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈی نیٹر ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کو اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز اور خلیج فارس پر مکمل کنٹرول حاصل ہے، اور ملک کے دفاع اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے فوجی تیاریاں مکمل ہیں۔
آبنائے ہرمز کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے وضاحت کی کہ آبنائے ہرمز کا مغربی حصہ، خود آبنائے کا علاقہ اور خلیج فارس اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کی بحریہ کے مکمل کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے اور شمالی بحرِ ہند پر باقاعدہ ایرانی فوج کی بحریہ کنٹرول سنبھالے ہوئے ہے، جبکہ ایرانی افواج بحیرۂ عمان کے شمالی حصے اور آبنائے ہرمز کے مشرق میں بھی کلیدی طاقت کے ساتھ موجود ہیں اور اجازت کے بغیر کسی کو وہاں سے گزرنے نہیں دیا جائے گا۔
فوجی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے ایرانی کمانڈر نے کہا کہ ہر جنگ اور تنازع فوج کے لیے نئے اسباق اور تجربات لے کر آتا ہے، جن کی روشنی میں فوج اپنی جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایرانی فوج نے ماضی کی کمزوریوں کی درست نشاندہی کر لی ہے اور انہیں دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ ریئر ایڈمرل سیاری کے مطابق، ان اصلاحات کے نتیجے میں ایرانی فوج اب ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیار ہے اور مستقبل میں رونما ہونے والے کسی بھی خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کا سب سے حساس مرکز بنی ہوئی ہے۔ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے اس اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہ سے تجارتی جہازوں اور تیل بردار بحری جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادھر ایران نے اس بحری گزرگاہ کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کے معاملے کو اپنی شرائط اور امریکی فوجی دباؤ میں کمی کے ساتھ مشروط کر رکھا ہے۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر مکمل غلبے کا یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف واشنگٹن اور تہران کے درمیان ممکنہ بالواسطہ مذاکرات، جنگ بندی اور اس اہم بحری گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے جیسے امور پر بین الاقوامی ثالثوں کی وساطت سے سفارتی کوششیں بھی بیک وقت جاری ہیں۔
متعلقہ عنوانات
امریکا کا چین کو اسلحہ فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں: امریکی حکام
28 September 2026
چاروں صوبوں میں ترقی ہونی چاہیے، کوئی پاکستان میں مداخلت کرے گا تو بھرپور جواب دیں گے: چیئرمین سینیٹ
28 September 2026
امریکا کا آبنائے ہرمز پر ایران کے مکمل کنٹرول کا دعویٰ مسترد
28 September 2026
پاکستان، آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کے چوتھے جائزے پر مذاکرات جاری
28 September 2026
کابینہ کمیٹی اجلاس: قانون سازی کیلئے وزارتوں کو ترامیم اور سفارشات بھجوانے کی ہدایت
28 September 2026
امریکی افغانستان جنگ کمیشن کے وفد کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال
28 September 2026
ثالث ملکوں کے نمائندوں کے امریکا، ایران سے الگ الگ مذاکرات متوقع
28 September 2026
بانی پی ٹی آئی سے منگل کو وکلا کی ملاقات کا دن، 6 نام جیل حکام کو ارسال
28 September 2026