پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس, نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیرِ نو کی منظوری
Web Desk
16 December 2025
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیرِ صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر، پی ایس ایل، بین الاقوامی دوروں اور ڈومیسٹک کرکٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیرِ نو کے دوسرے مرحلے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی، جبکہ ایل سی سی اے گراؤنڈ کو انگلینڈ کے تاریخی اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کی بی او جی نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔
بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پی ایس ایل کے لندن اور نیویارک میں منعقدہ روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پروفیشنل ازم کو سراہا گیا۔ اجلاس میں سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورۂ پاکستان کو جاری رکھنے کے لیے چیئرمین پی سی بی کی ذاتی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
بی او جی کے اراکین کی جانب سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے لیے اظہارِ تشکر کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن دورے کو جاری رکھنے کا کریڈٹ کسی ایک فرد کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اخلاص کے ساتھ محنت کی اور اللہ تعالیٰ نے مدد کی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پی سی بی اور پی ایس ایل کی پوری ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے، جبکہ پی ایس ایل کو ایک عالمی برانڈ بنانے کے لیے سب نے شبانہ روز انتھک محنت کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل 11 کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں کرائے جائیں اور مستقبل میں مظفرآباد میں انٹرنیشنل میچز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ریجنل سطح پر ایک معروف نجی فرم نے کلبز کی سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے پی ایس ایل روڈ شوز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ بورڈ کو مستقبل کے آئی سی سی ویمنز اور مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نچلی سطح پر ٹورنامنٹس اور میچز کی تعداد بڑھانے سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین اسماعیل قریشی، طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، انوار غنی، ظہیر عباس اور تنویر احمد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ظفر اللہ، مصطفےٰ رمدے، عدنان ملک، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ، کمرشل اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے
متعلقہ عنوانات
امریکا ایران کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کا کردار سراہا گیا: گورنر پنجاب
22 August 2026
وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ماہ امریکا کا دورہ کریں گے
22 August 2026
وزیراعظم کی چھوٹے، درمیانے درجے کے کسانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت
22 August 2026
عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی فیصلہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا: سہیل آفریدی
22 August 2026
کراچی کا یونیورسٹی روڈ 15 ستمبر تک 100 فیصد مکمل ہو جائے گا: شرجیل میمن
22 August 2026
پمز میں سی ٹی کورونری اینجیوگرافی سہولت فعال نہ ہونے پر وزیراعظم کا نوٹس، انکوائری کمیٹی قائم
22 August 2026
مکہ باہمی دفاعی معاہدے سے پاکستان کی علاقائی اہمیت میں اضافہ، ایف پی آئی ایف
22 August 2026
ٹرمپ کا جنوبی کیرولائنا کی ریلی میں آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان
22 August 2026