بھارت سندھ طاس معاہدہ بحال کرے، پانی کو بطور ہتھیار بنانا قوانین کی خلاف ورزی ہے: اسحاق ڈار
Web Desk
9 July 2026
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا اعلان واپس لیتے ہوئے اسے فوری طور پر بحال کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کو سیاسی و عسکری مقاصد کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
یہ بات انہوں نے دورۂ پاکستان پر آئے ہوئے جمہوریہ کروشیا کے وزیر خارجہ کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک مشترکہ اور انتہائی اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسحاق ڈار نے کروشین وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد کروشیا کی جانب سے یہ اعلیٰ سطح کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز اور اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم نے علاقائی سیکیورٹی اور خارجہ امور پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کیاکشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ اور حل طلب تنازع ہے، جس کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ ہیں۔ افغان سرزمین کسی بھی ملک، خصوصاً پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، اور عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔ حالیہ ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی لانے اور مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان نے کلیدی سفارتی کردار ادا کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینے اور دہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدے پر پیشرفت کا فیصلہ کیا گیا ہے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں ہی کروشین ویزا پراسیسنگ سینٹر کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں تاکہ شہریوں کو تیسرے ملک جانے کی زحمت سے نجات ملے۔یورپی یونین کو پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر قرار دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان سال 2027ء میں جی ایس پی پلس اسکیم کے لیے دوبارہ درخواست دینے کی بھرپور تیاری کر رہا ہے۔ کراچی بندرگاہ اور کروشیا کی بندرگاہوں کے درمیان تعاون اور اقتصادی انضمام پر بھی غور کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کروشیا کے وزیر خارجہ نے شاندار مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد کو ایک انتہائی خوبصورت اور پرامن شہر قرار دیا۔ “پاکستان اور کروشیا کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر قائم ہیں۔ کروشیا یورپی مارکیٹ تک رسائی کے لیے ایک اہم جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم ٹیکنالوجی، صحت، سیاحت اور سروسز کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا درخواست کے عمل کو آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور مختلف جنگی حالات کے دوران پاکستان کے تعمیری و مثبت سفارتی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ کروشیا عالمی امن مشنز میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
متعلقہ عنوانات
شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور اہلخانہ کی میتیں مشہد پہنچا دی گئیں
9 July 2026
اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کا قتل کیس، عاطف زمان کو 2 بار سزائے موت کا حکم
9 July 2026
ظہران ممدانی کا ارجنٹینا و مصر کے میچ میں متنازع فیصلوں پر ردِعمل
9 July 2026
ستھرا پنجاب پراجیکٹ: مالی بد عنوانی اور ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی متعدد شکایات
9 July 2026
لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانے بحال، ویزا سروسز کا آغاز
9 July 2026
یورپی یونین پاکستان کا مضبوط تجارتی شراکت دار ہے: اسحاق ڈار
9 July 2026
فارن فنڈنگ کیس: چالان کی اسکروٹنی مکمل، بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف سماعت 7 ستمبر تک ملتوی
9 July 2026
بہتر کارکردگی سے میری ٹائم سیکٹر میں پاکستان کا درجہ 30 فیصد بلند ہوا: افتخار احمد راؤ
9 July 2026