ملک چند خاندانوں کا نہیں عوام کا، نظام کی تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں : حافظ نعیم الرحمان
Web Desk
4 July 2026
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ یہ ملک چند خاندانوں کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کا ہے، اور جماعت اسلامی ملک میں نظام کی حقیقی تبدیلی کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت منعقدہ “بنو قابل” گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے تمام کامیاب نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوان اس پروگرام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، پاکستان کے پاس ایک عظیم انسانی سرمایہ موجود ہے اور اب اس ملک کے پیچھے رہ جانے کا کوئی جواز باقی نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے تعلیمی نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق ہر بچے کو مفت اور یکساں معیار کی تعلیم ملنی چاہیے، لیکن پنجاب سمیت ملک بھر میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور سرکاری تعلیمی نظام کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غریب اور امیر کے لیے الگ الگ تعلیمی نظام کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستان کے مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور نوجوان ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں حکومتی عدم توجہی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرے تو وہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور قرضوں کے بوجھ میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ “بنو قابل” پروگرام کے تحت اب تک 16 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور لاکھوں گریجویٹ بھی ہو چکے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی مستقبل میں ایک جدید یونیورسٹی بھی قائم کرے گی۔
حکومت کی معاشی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا سارا بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر ڈالا جا رہا ہے جبکہ بعض مخصوص شعبوں کو اربوں روپے کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ملک بھر میں سب کے لیے یکساں معیار کی مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مایوس نہ ہوں، اپنے ملک پر فخر کریں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
متعلقہ عنوانات
عمران خان کی اہلیہ نے اپنے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروا دیا
5 July 2026
کوئی بھی ادارہ قانون کے عطا کردہ اختیارات سے تجاوز نہیں کرسکتا، وفاقی ٹیکس محتسب
5 July 2026
شہر قائد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی
5 July 2026
شاہراہ قراقرم ایک بار پھر بند ہوگئی
5 July 2026
رہنما اے این پی کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ
5 July 2026
’لاہور میں غیر ملکی خواتین سے متعلق کیس میں ملوث کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملے گی‘
5 July 2026
اعزازی ڈپٹی کمشنر بننے والی تھیلیسیمیا کی مریضہ منیبہ مقصود انتقال کر گئیں
5 July 2026
عارف والا: اوباش ملزم کی 6 سالہ بچے کے ساتھ مبینہ زیادتی
5 July 2026