روزگار کے پائلٹ منصوبے ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ کو باقاعدہ سرکاری پروگرام بنانے کا فیصلہ
Web Desk
2 July 2026
حکومتِ سندھ نے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے کامیاب پائلٹ منصوبے ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ (I Work for Sindh) کو باقاعدہ مستقل سرکاری پروگرام بنانے کا ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ پورٹل کو مزید مؤثر، مربوط اور جدید انداز میں چلانے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں تک سرکاری اور نجی شعبوں میں روزگار کے مواقع کو زیادہ مؤثر طریقے سے پہنچانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کارکردگی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ روزگار فراہم کرنے والے اداروں اور نوکریوں کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے ایک انتہائی مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکا ہے، جس پر اب تک 48 لاکھ سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں۔ انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 1 لاکھ 13 ہزار امیدوار پورٹل پر اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں جبکہ 670 کمپنیاں اس پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں۔ اس وقت پورٹل پر 11 ہزار 100 ملازمتیں فعال (ایکٹو) ہیں، جبکہ مجموعی طور پر اب تک 20 ہزار 800 ملازمتیں پوسٹ کی جا چکی ہیں۔ نوجوانوں کی دلچسپی کا یہ عالم ہے کہ اب تک اس پورٹل کے ذریعے 4 لاکھ 19 ہزار سے زائد ملازمت کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید اعلان کیا کہ حکومتِ سندھ جلد ہی اس پورٹل پر صنعتی ماہرین کی جانب سے کیریئر کونسلنگ (رہنمائی) کی سہولت بھی متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اس لائیو کیریئر کونسلنگ کی سہولت کے ذریعے سندھ کے نوجوانوں کو مستقبل کے حوالے سے براہِ راست اور پیشہ ورانہ رہنمائی حاصل ہو سکے گی، جس سے انہیں مارکیٹ کی طلب کے مطابق روزگار تلاش کرنے میں آسانی ہو گی۔
متعلقہ عنوانات
حکومت برآمدات کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام
3 July 2026
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے جیلوں کے نظام میں بہترین اصلاحات ناگزیر قرار دیدیں
3 July 2026
اسلام آباد: تھانہ شالیمار کے علاقے ایف 10 میں نوجوان نے خودکشی کر لی
3 July 2026
انٹرنیٹ ٹریفک میں آنے والے تعطل کی مسلسل نگرانی جاری ہے، پی ٹی اے
3 July 2026
قانون کو اہمیت دینے والے ملک ترقی کی دوڑ میں کبھی پیچھے نہیں رہتے: مراد علی شاہ
3 July 2026
جیل اور عدالتی نظام میں اصلاحات سے آسانیاں پیدا ہوں گی: وفاقی وزیر قانون
3 July 2026
کوئی بھی ملک پاکستان کو بنجر زمین میں تبدیل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اس نوعیت کے خطرے کا مقابلہ کرسکتے ہیں: دفترخارجہ
2 July 2026
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور کی ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت
2 July 2026