اسلام آباد ہائیکورٹ کا نابینا خاتون کو انصاف،بڑی رقم واپس، بینک منیجر کی گاڑیاں بھی دینے کا حکم
Web Desk
1 July 2026
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینک مینیجر کے ہاتھوں کروڑوں روپے کے مالی فراڈ کا شکار ہونے والی نابینا خاتون درخشاں مرزا کو بڑی قانونی کامیابی دلاتے ہوئے ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی رقم واپس دلوا دی ہے، جبکہ بقایا رقم کی مکمل وصولی کے لیے سزا یافتہ سابق بینک مینیجر رمیز جاوید کی دونوں گاڑیاں بھی خاتون کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
کیس کی سماعت جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ عدالت عالیہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو سخت ہدایت جاری کی کہ سزا یافتہ ملزم رمیز جاوید کی دونوں گاڑیاں ایک ہفتے کے اندر ریکور کی جائیں اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔ سماعت کے دوران متاثرہ نابینا خاتون درخشاں مرزا خود عدالت میں پیش ہوئیں اور انہوں نے انصاف کی فراہمی پر ججز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، “آپ دونوں ججز صاحبان کا بہت بہت شکریہ۔”
سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ درخشاں مرزا کو پہلے ہی ایک کروڑ 59 لاکھ روپے ادا کیے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز 28 لاکھ روپے اور 5 لاکھ 30 ہزار روپے کے دو مزید چیکس بھی موصول ہو چکے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر اب تک ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی رقم واپس کی جا چکی ہے۔ انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ باقی ماندہ رقم کی وصولی کے لیے ملزم کی دونوں گاڑیاں بھی ایک ہفتے میں ریکور کر لی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سابق بینک مینیجر رمیز جاوید کروڑوں روپے کے مالی فراڈ کیس میں سزا یافتہ ہیں اور اس وقت اڈیالہ جیل میں قید کاٹ رہے ہیں۔ ان پر نابینا خاتون درخشاں مرزا کے دو کروڑ روپے سے زائد ہڑپ کرنے کا الزام ثابت ہونے پر ٹرائل کورٹ نے پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی برقرار رکھتے ہوئے رقم کی ریکوری کا حکم دیا تھا۔ مکمل رقم واپس نہ ملنے پر درخشاں مرزا نے ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے عدالت نے ایف آئی اے سے مزید پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔
متعلقہ عنوانات
شگر کے دو نوجوانوں نے نانگا پربت سر کر کے قومی پرچم لہرا دیا
1 July 2026
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں اضافہ کردیا
1 July 2026
سوئمنگ چیمپئن شپ: نوجوان تیراک زایان نے تین طلائی اور دو چاندی کے تمغے حاصل کر لیے
1 July 2026
ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.3 ریکارڈ
1 July 2026
کراچی میں شاہین فورس کا کامیاب آپریشن، مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک
1 July 2026
پاک چین دوستی نسلوں پر محیط، سی پیک سے تعاون مزید مضبوط ہوگا: چینی سفیر
1 July 2026
لاہور میں مون سون کی پہلی موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار
1 July 2026
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا وژن چین کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے: اسحاق ڈار
1 July 2026