یومِ عاشور پر پنجاب میں تھری ٹیئر سکیورٹی پلان نافذ، ایک لاکھ پولیس اہلکار تعینات
Web Desk
26 June 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر یومِ عاشور کے موقع پر صوبے بھر میں امن و امان کے قیام اور عزاداران کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ایک نیا ‘تھری ٹیئر’ انتظامی اور سکیورٹی ماڈل نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق، پہلی مرتبہ روایتی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت (AI)، ڈرونز، باڈی کیمز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس پلان کے تحت گزشتہ آٹھ روز سے پنجاب بھر میں مجالس اور جلوسوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اس بار انتظامیہ کے ساتھ ساتھ صوبائی کابینہ کے وزراء بھی خود فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
پنجاب بھر میں 47 ہزار سے زائد مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار، پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ 30 ہزار سے زائد تربیت یافتہ رضاکار بھی سکیورٹی اداروں کی معاونت کر رہے ہیں۔ محکمہ داخلہ میں قائم صوبائی انٹیلی جنس سینٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے، جہاں ڈیجیٹل وال کے ذریعے تمام پروگراموں کی لائیو سی سی ٹی وی (CCTV) مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی کے ساتھ ساتھ صفائی، طبی سہولیات، سبیلوں، کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے عملے کو بھی فیلڈ میں الرٹ رکھا گیا ہے۔ اعلامیے میں ایک اور اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ صوبے کی تقریباً پانچ ہزار امام بارگاہوں کو کیو آر (QR) کوڈ سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے، جبکہ موبائل نیٹ ورک کی ممکنہ بندش کے دوران باہمی رابطے برقرار رکھنے کے لیے پنجاب حکومت نے اپنا ‘ایل ٹی ای’ (LTE) نیٹ ورک بھی متعارف کرایا ہے۔
صوبے بھر میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں، سیف سٹی سسٹم اور ایک ہزار سے زائد جدید فور جی (4G) ایونٹ کیمروں کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ اب تک 43 ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی روک تھام کے لیے سائبر پیٹرولنگ کے ذریعے 6 ہزار سے زائد قابل اعتراض سوشل میڈیا اکاؤنٹس پی ٹی اے (PTA) کو رپورٹ کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت پوری امت کا مشترکہ غم ہے، اس مقدس موقع پر سکیورٹی اور عوامی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے جلوسوں اور مجالس کے منتظمین، عزاداران اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کو بھی سراہا۔
متعلقہ عنوانات
این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری
26 June 2026
خانیوال میں قبرستان میں فائرنگ اور چاقوؤں کے وار، ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی
26 June 2026
موٹروے ایم 5 پر لیموں سے بھرا مزدا الٹ گیا، ایک بھائی جاں بحق، دوسرا زخمی
26 June 2026
عوام ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی، آخری بوگی پٹری سے اتر گئی
26 June 2026
مری ایکسپریس وے پر چلتی ہائی ایس میں آگ بھڑک اٹھی، گاڑی جل کر خاکستر
26 June 2026
کراچی؛ گھر سے 30 سالہ ماں اور 8 سالہ کمسن بیٹی کی لاشیں برآمد
26 June 2026
این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری
26 June 2026
یومِ عاشور پر بہترین انتظامات، سہیل آفریدی کا پولیس اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین
26 June 2026