فنڈنگ کی شدید کمی، یو این آر ڈبلیو اے کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہ گئیں: انتونیو گوتریس
Web Desk
2 July 2026
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی مہاجرین کی امداد کے ذمہ دار ادارے ‘یو این آر ڈبلیو اے’ (UNRWA) کے لیے 100 ملین ڈالر کی مالی کمی کو فوری طور پر پورا کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فنڈنگ کی شدید قلت کے بعد ادارے کی امدادی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سیکرٹری جنرل نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے رضاکارانہ مالی تعاون سے متعلق خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں عائد وسیع پابندیوں اور شدید مالی کمی کی وجہ سے یو این آر ڈبلیو اے کی صورتحال روز بروز سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ یہ ادارہ غزہ، مغربی کنارے، لبنان، اردن اور شام میں خوراک، تعلیم، صحت اور سماجی خدمات سمیت تقریباً 26 لاکھ فلسطینیوں کو پناہ گاہ کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ امریکہ ماضی میں یو این آر ڈبلیو اے کا سب سے بڑا عطیہ دہندہ تھا، تاہم اسرائیل کی جانب سے ادارے کے تقریباً ایک درجن اہلکاروں پر 7 اکتوبر 2023ء کے حملوں میں ملوث ہونے کے الزام کے بعد امریکہ نے جنوری 2024ء میں فنڈنگ معطل کر دی تھی۔ اسی طرح سویڈن نے بھی سال 2025ء کے لیے اپنی مالی امداد معطل کی جبکہ دیگر کئی بڑے عطیہ دہندگان نے تحقیقات مکمل ہونے تک فنڈز روک دیے تھے، اگرچہ بعد میں بیشتر ممالک نے امداد دوبارہ بحال کر دی۔ انتونیو گوتریس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر 2023ء سے اب تک صرف غزہ میں یو این آر ڈبلیو اے کے 390 اہلکار مارے جا چکے ہیں، جبکہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک تقریباً 1,000 فلسطینی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنڈز کی کمی کے باعث ادارے نے رواں سال اپنی خدمات کے اوقات میں 20 فیصد کمی کی ہے، مقامی ملازمین کی تنخواہیں کم کر دی گئی ہیں اور بین الاقوامی عملے کی 15 فیصد آسامیاں خالی رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فنڈز کی مزید کمی اس ادارے کو بندش کے دہانے پر لا کھڑا کرے گی، جس کے مینڈیٹ کی تجدید صرف چھ ماہ قبل جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے کی تھی۔
متعلقہ عنوانات
اسرائیل کی سفاکیت کم نہ ہوئی، ڈرون حملے میں مزید 2 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
5 July 2026
یورپ میں شدید گرمی کی لہر برقرار، اموات 4 ہزار سے تجاوز کر گئیں
5 July 2026
اسرائیلی فوج کے سربراہ کا لبنان میں فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
5 July 2026
مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، باقر قالیباف
5 July 2026
سمندر کے بیچ کھڑی کشتی میں اچانک خوفناک آتشزدگی
5 July 2026
ٹرمپ نے کہا وٹکوف، جیرڈ کشنر دوبارہ ماسکو آنے کیلئے تیار ہیں: ترجمان کریملن
5 July 2026
ایرانی سفیر کا شہید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر پاکستان سے اظہار تشکر
5 July 2026
آسٹریلیا ویمنز ٹیم نے ساتویں بار ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
5 July 2026