توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں سعودی عرب سے تعلقات بلند سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، ترک صدر
Web Desk
3 February 2026
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی قابلِ تجدید توانائی، دفاعی صنعت اور دیگر شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور بلند سطح پر لے جانا چاہتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ترک صدر ریاض پہنچے جہاں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ترک صدر قصر الیمامہ پہنچے جہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا خیرمقدم کیا اور سرکاری استقبالیہ دیا گیا۔
ترک میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تعاون کے نئے مواقع اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال بھی زیرِ بحث رہی۔
صدر اردوان نے کہا کہ شام میں استحکام کے لیے ترکی کی حمایت جاری رہے گی اور تعمیرِ نو کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے غزہ کی تعمیر نو اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔