LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY:
China:
Pakistan:
India:
TV ONE Logo
اہم خبریں
وزیراعظم ’اپنا گھر اسکیم‘: دو ماہ میں منظور شدہ ہاؤسنگ فنانسنگ میں 117 فیصد کا ریکارڈ اضافہ اسلام آباد ہائیکورٹ: راول جھیل کنارے نیول فارمز اور نیول سیلنگ کلب کو غیر قانونی قرار دینے کا 2022ء کا فیصلہ کالعدم ریاض: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم سائبر سیکیورٹی معاہدے پر دستخط یونٹی فوڈز کے شیئرز میں مبینہ انسائیڈر ٹریڈنگ، ایس ای سی پی کی تحقیقات میں تیزی امیر جماعت اسلامی کا کل ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان بھارت سندھ طاس معاہدے سے متعلق فیصلے کو مسترد نہیں کرسکتا، ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نیوی کی میری ٹائم مشق ’سی سپارک 2026‘ کراچی میں شروع بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور بچوں سے بات نہ کروانے کا معاملہ، توہینِ عدالت کی درخواست دائر پاکستان کا کرغزستان کے ساتھ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار ملک میں کاروباری اوقات کار میں اضافے کی سفارش صدر زرداری سے لندن میں محسن نقوی کی ملاقات، اہم پیغام پہنچایا وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں صدارتی محل آمد، گارڈ آف آنر پیش ایف سی بلوچستان ٹریننگ سینٹر خضدار میں بیسک ملٹری ٹریننگ بیچ 76 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ یوم دفاع و شہداء: پشاور کے تعلیمی اداروں میں پاک فوج کے زیراہتمام تقریبات ایئر ڈیفنس نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائلوں کو ناکام بنا دیا: اردن

غزہ بورڈ آف پیس پر پاکستان سمیت 20 ممالک کے دستخط، جنگیں رکوا کر کروڑوں جانیں بچائیں: ٹرمپ

Web Desk

22 January 2026

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے صرف 10 ماہ کے دوران 8 جنگیں رکوائیں جن میں جوہری طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ان کوششوں سے کروڑوں جانیں بچ گئیں۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر غزہ بورڈ آف پیس پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان بھی شامل ہوا۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بورڈ آف پیس پر دستخط کیے، جبکہ تقریب کے دوران صدر ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر رسمی گفتگو اور سرگوشیاں بھی توجہ کا مرکز بنیں۔

غزہ بورڈ آف پیس پر امریکا سمیت 20 ممالک نے دستخط کیے، جن میں پاکستان، سعودی عرب، قطر، ترکیہ، انڈونیشیا، آذربائیجان، ارجنٹائن، ہنگری، بلغاریہ، قازقستان، کوسوو اور پیراگوئے شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف سے دستخط کرنے پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے امریکا سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے اور امریکی وزیر خارجہ کی کاوشوں سے اس اہم تقریب کا انعقاد ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ناممکن کو ممکن بنایا اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ پیس بورڈ میں مزید ممالک شامل ہونا چاہتے ہیں، یوکرین اور روس کی جنگ میں ہزاروں افراد مارے جا رہے ہیں، تاہم انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات چیت کا دعویٰ بھی کیا۔

پاک بھارت کشیدگی کا دوبارہ ذکر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں اور ان کے درمیان جنگ رکوانا ایک بڑی کامیابی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور ایران، سربیا اور کوسوو، تھائی لینڈ اور کولمبیا کے تنازعات ختم کرائے جبکہ مصر اور ایتھوپیا کے درمیان تنازع کے حل میں بھی امریکا نے کردار ادا کیا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران دو ماہ میں جوہری طاقت بن سکتا تھا، تاہم امریکا نے اس کی جوہری صلاحیت ختم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ حماس کو غیر مسلح ہونا ہوگا، اگر ایسا نہ ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں آج دنیا زیادہ محفوظ ہے، امریکی فوج دنیا کی طاقتور ترین فوج ہے، امریکا ایران سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، شام پر عائد تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور امریکا عالمی اداروں کے ساتھ مل کر امن کے لیے کام جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کو غیر مسلح کرکے اس کی تعمیر نو کی جائے گی اور امریکا کی ترقی دنیا کی ترقی کا باعث بنے گی۔