سندھ میں ترقی، سرمایہ کاری اور امن و امان کی بہتری ترجیح ہے: مراد علی شاہ
Web Desk
27 November 2026
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے 105 سے زائد شرکاء نے ملاقات کی، جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ اینالیسس میجر جنرل محمد رضا ایاز کر رہے تھے جبکہ وفد میں 25 خواتین بھی شامل تھیں۔
ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، سردار علی شاہ، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار اور ذوالفقار شاہ سمیت چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس جاوید اوڈھو اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے، جبکہ نشست کی نظامت سیکرٹری نور محمد سموں نے کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اس موقع پر صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی کو ملک کا ترقی پسند اور معاشی طور پر متحرک شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کی درجہ بندی 2013 کے چھٹے نمبر سے بہتر ہو کر اب 138ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کراچی پسماندہ ہوتا تو لوگ یہاں آ کر کیوں آباد ہوتے، سیاسی مخالفین محض منفی تاثر پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صوبے کی تقسیم سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ایسی کسی بھی کوشش کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا اور کہا کہ عوام سندھ کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ماضی میں 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے سے بھی انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا عملی نمونہ ہے جہاں مسلمان ووٹروں نے ہندو نمائندوں کو منتخب کیا۔
ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر کول سے بجلی کی پیداوار، شاہراہ بھٹو، سائبر نائف کے ذریعے کینسر کا مفت علاج اور این آئی سی وی ڈی میں دل کے امراض کی جدید سہولیات سندھ حکومت کی نمایاں کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پائیدار روزگار کے لیے دھابیجی، بدین اور دیگر علاقوں میں اسپیشل اکنامک زونز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ نوجوانوں اور ہاریوں کو خصوصی کارڈز کے ذریعے مالی معاونت اور چھوٹے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں عمارت گرنے کے حالیہ واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سخت کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ ایس بی سی اے کی کارکردگی کا جامع آڈٹ کرانے اور نقشوں کی منظوری کے لیے تھرڈ پارٹی ماہرین کی خدمات لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کو چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے سندھ کا 720 ارب 6 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے جس کے تحت انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، آبپاشی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری جاری ہے، جبکہ عالمی ڈونر ادارے بھی سندھ حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے شراکت داری کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اقبال میمن نے بتایا کہ سندھ میں 2026 کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 76 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی جی پولیس جاوید اوڈھو نے آگاہ کیا کہ کچے کے علاقوں میں جاری آپریشنز کے دوران 594 ڈاکوؤں اور ملزمان نے ہتھیار ڈالے، 306 گرفتار ہوئے جبکہ 63 ہلاک کیے گئے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ شرکاء کو کراچی سیف سٹی منصوبے اور ڈیجیٹل پولیسنگ پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈی جی میجر جنرل رضا ایاز نے اظہارِ تشکر کیا، جس کے بعد مہمانوں اور صوبائی قیادت کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ ہوا اور گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
متعلقہ عنوانات
کراچی عمارت حادثہ، 55 گھنٹے بعد ملبے سے 2 افراد زندہ نکال لیے گئے
27 November 2026
کویت کا ایرانی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے مسلسل حملوں پر احتجاج
27 November 2026
امریکی ساحلی ریاستوں میں طوفان سے تباہی، لاکھوں افراد بجلی سے محروم
27 November 2026
پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا اعلان
27 November 2026
امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ سسٹم پر سائبر حملہ، حساس فوجی ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا
27 November 2026
وزیراعظم کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت
27 November 2026
صدر مملکت آصف علی زرداری 2 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے
27 November 2026
کراچی پورٹ پر درآمدی کارگو کی مقدار ایک لاکھ 74 ہزار 160 میٹرک ٹن ریکارڈ
27 November 2026