نوآبادیاتی پالیسیاں باعثِ زوال، مغرب شرائط مسلط کرنے کے بجائے مذاکرات کرے: سرگئی لاوروف
Web Desk
26 November 2026
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یورپ اپنی متکبرانہ اور نوآبادیاتی طرز کی پالیسیوں کے باعث زوال کا شکار ہو رہا ہے، جبکہ مغربی ممالک کو دنیا پر اپنی شرائط مسلط کرنے کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
گورچاکوف پبلک ڈپلومیسی فنڈ کے پروگرام “مستقبل کے لیے مکالمہ” کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے یورپ کی موجودہ صورتحال، یوکرین تنازع، مغربی پالیسیوں اور روس چین تعلقات سمیت متعدد اہم بین الاقوامی امور پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ ممکنہ شراکت دار کے ہمسایہ ممالک کے مفادات کو نظرانداز کرنا مغرب کی اس متکبرانہ اور نوآبادیاتی طرز کی پالیسی کا حصہ ہے جس پر وہ طویل عرصے سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے سابق خارجہ پالیسی سربراہ جوزپ بوریل کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے یورپ کو ایک کھلتا ہوا باغ اور اس کے اردگرد کی دنیا کو جنگل قرار دیا تھا۔ لاوروف نے کہا کہ ممکن ہے کسی زمانے میں اس باغ میں سب کچھ کھلا ہوا ہو، لیکن ہر پھول بالآخر مرجھانے اور سڑنے لگتا ہے اور آج یورپ کی صورتحال بھی کچھ ایسی ہی ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے یورپی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پر ایسی اشرافیہ حکومت کر رہی ہے جو اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتی ہے اور زمینی حقائق سے مکمل طور پر دور ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق اگر یوکرین کا معاملہ نہ بھی ہوتا تو مغربی ممالک برابری اور باہمی مفادات پر مبنی تعاون کے معاہدوں سے دستبردار ہونے کے لیے کوئی دوسرا بہانہ تلاش کر لیتے۔
سرگئی لاوروف نے الزام عائد کیا کہ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد جب روس عالمی سطح پر اپنا آزادانہ کردار قائم کر رہا تھا اور امریکا اور یورپی ممالک کے ساتھ معاہدے کر رہا تھا تو مغرب نے بارہا روس کو دھوکا دیا۔ انہوں نے کہا کہ روس اور نیٹو کے درمیان مشترکہ کونسل قائم کی گئی تھی اور روس و یورپی یونین کے درمیان وسیع روابط استوار کیے گئے تھے، تاہم مغربی ممالک نے یہ تعلقات محض اس بنیاد پر ختم کر دیے کہ ان کے خیال میں روس کو اپنے جائز مفادات کا دفاع کرنے کا حق حاصل نہیں تھا۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا، یورپ اور دیگر خطوں میں ان کے اتحادی کہیں غائب نہیں ہونے والے، تاہم انہیں دوسروں کو یہ بتانے کے بجائے مذاکرات کرنا ہوں گے کہ وہ کس طرح زندگی گزاریں، کس کے ساتھ دوستی کریں اور کس پر پابندیاں عائد کریں۔ لاوروف نے کہا کہ روسی عوام ماضی میں بھی مختلف آزمائشوں کا سامنا کرتے رہے ہیں، آج بھی مشکلات کا مقابلہ کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایسا کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ روس کی بات چیت باہمی احترام، شائستگی اور برابری کی بنیاد پر ہوگی۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ یوکرین میں روس کی خصوصی فوجی کارروائی کے آغاز کے بعد مغربی ممالک کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یورپی ممالک روزانہ اپنے عسکری منصوبوں کا اعلان کر رہے ہیں، جنگ کی تیاری کر رہے ہیں اور یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق یورپی ممالک جنگ بندی کے بعد تنازع کا طویل مدتی حل تلاش کرنے کے بجائے یوکرین میں اپنے فوجی دستے تعینات کرنا اور فوجی اڈے قائم کرنا چاہتے ہیں، اور انہی منصوبوں کے ساتھ روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان جاری مذاکرات میں شمولیت کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روس اور امریکا سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں کی توہین کرنا ان کی پہچان بن چکا ہے۔ جنگ بندی کے بعد کثیرالقومی فوجی دستوں کی تعیناتی کے یورپی منصوبے پر سوال اٹھاتے ہوئے لاوروف نے کہا کہ یورپی ممالک آخر کس چیز کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق یوکرینی قیادت مسلسل روسی مفادات کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہی ہے اور نیٹو کی رکنیت کے مطالبے پر قائم ہے، جبکہ 2003 سے اب تک روس متعدد رعایتیں اور معاہدے کر چکا ہے لیکن مغربی ممالک اب بھی یوکرین کو اپنے ناقابل حصول مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
سرگئی لاوروف نے روس اور چین کے درمیان تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کے شہر شین ژین میں منعقدہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (ایپک) کے سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت ایک مرتبہ پھر سامنے آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین کے درمیان مؤثر تعاون نے بالخصوص روس، چین اور امریکا کے درمیان پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
متعلقہ عنوانات
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے حتا میں 1.4 ارب درہم کے پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا
26 November 2026
ٹرمپ کے نئے تجارتی ٹیرف: امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا خطرہ
26 November 2026
فلائی دبئی کا 3 دسمبر سے دبئی اور تل ابیب کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان
26 November 2026
برطانیہ میں نقل مکانی کی شرح 30 سال کی کم ترین سطح پر آگئی
26 November 2026
جنوبی کوریا کا ایران کے خلاف جنگ میں شرکت سے انکار
26 November 2026
امریکا شدید طوفان کی لپیٹ میں، 8 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم
26 November 2026
کوئی بھی یہ نہیں چاہتا بدمزگی ہو، ریلی یا احتجاج پر بھرپور سکیورٹی دی جائے: شاہی سید
26 November 2026
برطانیہ کی روس پر حملوں کی منصوبہ بندی، زیلنسکی ماسکو اور نیٹو میں تصادم چاہتے ہیں: ماریہ زخارووا
26 November 2026