LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
پرویز الٰہی سے لطیف کھوسہ کی ملاقات، آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقلی کیلئے عدالت میں درخواست دائر بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز: 8 دہشتگرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید کے پی میں 3 ایم پی او حراست کیس، اختر مینگل اور راجہ ناصر عباس فریق بننے کے خواہاں نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا مریم نواز کی اولین ترجیح ہے: عظمیٰ بخاری ٹی فائیو پاور پراجیکٹ کی تعمیر: تربیلہ ڈیم سے پانی کے اضافی اخراج کا فیصلہ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا سربراہ پاک فضائیہ کا ازبکستان کا دورہ، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق نئے صوبوں کا قیام اب قومی مطالبہ بن چکا ہے: محمد علی درانی لاہور ہائیکورٹ کی صوبائی جوڈیشل کمیٹی کا اجلاس 19 نومبر کو طلب پنجاب حکومت کے گلف سٹریم طیارے کا آپریشنل کنٹرول پاک فضائیہ کے سپرد نئے صوبوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہونی چاہئے: سلمان اکرم راجہ پاکستانی نژاد امریکی سماجی رہنما محمد سعید شیخ کو 45 سالہ انسانی خدمات کے اعتراف میں ’گلوبل سٹیزن ایوارڈ‘ سے نواز دیا گیا شہباز شریف سے آصف علی زرداری کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ: بھارت نے سنسنی خیز مقابلےکے بعد ٹائٹل جیت لیا

کے پی میں 3 ایم پی او حراست کیس، اختر مینگل اور راجہ ناصر عباس فریق بننے کے خواہاں

Web Desk

15 November 2026

خیبرپختونخوا میں 3 ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر) کے تحت ہونے والی حراستوں کے خلاف زیرِ سماعت مقدمے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر راجہ ناصر عباس نے وفاقی آئینی عدالت میں فریق بننے کی متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

دونوں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عدالتِ عالیہ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جن میں وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر 2026ء کے حکم نامے میں ترمیم کرنے اور اسے واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں اس اہم آئینی مقدمے میں باضابطہ فریق بنایا جائے اور عدالت کے روبرو دلائل دینے سمیت تحریری معروضات جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔

دائر کردہ درخواستوں کے متن کے مطابق صدرِ مملکت نے 11 اکتوبر 2026ء کو آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا تھا، جس کے آئینی جواز کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ اس اقدام کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی قیادت اور کارکنوں کے خلاف 3 ایم پی او کے تحت بڑے پیمانے پر چھاپے مارے اور گرفتاریاں کیں، جس کے بعد گرفتار اور متاثرہ افراد نے داد رسی کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

درخواستوں میں بتایا گیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے زیرِ حراست افراد کی رہائی کے احکامات دیے تھے، تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے ان احکامات کے خلاف ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت میں اپیلیں دائر کر دیں۔ درخواستوں کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 5 نومبر 2026ء کو ان اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے اپنے حکم میں 12 اکتوبر 2026ء یا اس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر ہونے والی تمام درخواستوں کی کارروائی معطل کر دی تھی۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے اس حکم کی روشنی میں پشاور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے 6 نومبر کو تمام متعلقہ درخواستیں سماعت کے لیے مقرر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی، جبکہ اس اقدام کے نتیجے میں گورنر راج کے نفاذ کے خلاف دائر بنیادی پٹیشن بھی کاز لسٹ سے نکال دی گئی۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے درخواست گزاروں اور خیبرپختونخوا کے کروڑوں عوام کے بنیادی آئینی حقوق براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔

مزید برآں، درخواست گزاروں نے واضح کیا کہ ان کی موجودہ پٹیشن محض ایم پی او کے تحت حراستوں سے متعلق نہیں بلکہ یہ صوبے میں گورنر راج کی آئینی حیثیت کو براہِ راست چیلنج کرتی ہے۔ درخواستوں کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کو ہائیکورٹ کا آئینی اختیارِ سماعت ختم کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، جبکہ عدالتوں کے پاس یہ جائزہ لینے کا اختیار بھی برقرار رہنا چاہیے کہ آرٹیکل 245 کے نفاذ کی آئینی و پیشگی شرائط موجود تھیں یا نہیں۔