پنجاب ویٹ ریلیز اینڈ فلور ڈسٹری بیوشن آرڈر 2026 کا اطلاق آج سے ہو گا
Web Desk
20 November 2026
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں گندم کے اجراء اور آٹے کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ’پنجاب ویٹ ریلیز اینڈ فلور ڈسٹری بیوشن آرڈر 2026‘ نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا اطلاق کل سے ہوگا۔
صوبائی کابینہ کی باضابطہ منظوری کے بعد محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت سرکاری گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی 40 کلوگرام جبکہ سرکاری گندم سے تیار کردہ آٹے کے 10 کلوگرام تھیلے کی سرکاری قیمت 1 ہزار 275 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گندم صرف منظور شدہ فعال فلور ملز اور لائسنس یافتہ آٹا چکیوں کو فراہم کی جائے گی، جس کے حصول کے لیے انہیں متعلقہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (DFC) کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کرنا ہوگا۔ سرکاری گندم کی فراہمی بینک میں پیشگی رقم جمع کرانے اور اس کی تصدیق سے مشروط ہوگی، جبکہ سرکاری گندم سے تیار شدہ آٹے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کی روزانہ بنیادوں پر تصدیق بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکومت نے پنجاب میں فلور ملز کی پہلے سے منظور شدہ گندم پسائی کی صلاحیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پہلے سے منظور شدہ رولر باڈیز کی پسائی کی صلاحیت میں کسی قسم کے اضافے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گندم کی فراہمی میں پاسکو، ایگریگیٹرز اور درآمدی گندم کو ’مکس اینڈ میچ‘ کی بنیاد پر شامل کیا جائے گا، جبکہ اضلاع کا گندم کوٹہ آبادی اور مقامی ضروریات کے مطابق مختص ہوگا اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز فلور ملز اور آٹا چکیوں میں کوٹہ تقسیم کریں گے۔
آرڈر کے تحت فلور ملز کو سرکاری گندم کے ساتھ اپنی نجی گندم کی پسائی کی بھی اجازت دی گئی ہے اور سرکاری گندم سے آٹا تیار کرنے والی فلور ملز نجی گندم سے تیار کردہ مصنوعات دیگر صوبوں میں بھیج سکیں گی، تاہم اس کے لیے ای پرمٹ (E-Permit) حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ علاوہ ازیں فلور ملز کو فوڈ ڈیپارٹمنٹ انوینٹری مینجمنٹ سسٹم (FDIMS) پر روزانہ کی بنیاد پر اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں سرکاری گندم کی پسائی کے لیے 70:18:12 کا ایکسٹریکشن ریشو مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت 70 فیصد آٹا، 18 فیصد فائن اور 12 فیصد چوکر حاصل ہوگا، جبکہ گندم کی خریداری، ذخیرہ اندوزی اور پسائی کے تمام معاملات کی نگرانی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب حکومت نے ڈائریکٹر جنرل فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور فوڈ انسپکٹرز کو فلور ملز اور آٹا چکیوں کے معائنے کے مکمل اختیارات سونپ دیے ہیں۔ سرکاری گندم کی مقررہ مقدار سے کم پسائی ثابت ہونے پر متعلقہ فلور مل سے مقررہ نرخوں کے مطابق ریکوری کی جائے گی، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی فلور ملز کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جا سکیں گے اور سرکاری واجبات ادا نہ کرنے والی ملز کو گندم جاری نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں سرپلس اضلاع سے گندم ضرورت کے مطابق ڈیفیسٹ (قلت والے) اضلاع میں منتقل کی جائے گی اور گندم کی قلت والے اضلاع کی فلور ملز کو دیگر اضلاع سے کوٹہ اٹھانے کا پابند بنایا جائے گا۔ دستیاب ذخائر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فوڈ وقتاً فوقتاً ڈیفیسٹ اضلاع کا تعین کریں گے، جبکہ ضلعی انتظامیہ مارکیٹ میں آٹے کی مقررہ سرکاری قیمت پر دستیابی اور فروخت یقینی بنانے کے لیے کڑی نگرانی کرے گی۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان اور بھارت کے درمیان تہذیبی روابط، مکالمے کا فروغ ناگزیر: مصدق ملک
20 November 2026
پٹرول کی قیمت میں ایک روہے کمی، ڈیزل 2 روپے لٹر مہنگا ہو گیا
20 November 2026
سعودی فوجی اتحاد کی حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائی، 7 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ
20 November 2026
روس کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش
20 November 2026
ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے رکنیت سے استعفی دے دیا: ذرائع
20 November 2026
خیبرپختونخوا سے متعلق پانچ آرڈیننسز کے اجرا کی تیاری، وفاق نے سمری منظور کر لی
20 November 2026
موجودہ نظام اللہ کے احکامات کے خلاف، اسے ختم ہونا چاہیے: حافظ نعیم الرحمٰن
20 November 2026
پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور بے بنیاد بیانات مسترد کردیے
20 November 2026