معاہدے کی خلاف ورزی پر ایران نے دوبارہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کردیا
Web Desk
20 June 2026
تہران: لبنان پر اسرائیل کے مسلسل فضائی و زمینی حملوں اور امریکا کی جانب سے مبینہ وعدہ خلافی کے بعد ایران نے دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہ ‘آبنائے ہرمز’ (Strait of Hormuz) کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک ہنگامی بیان میں خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے واضح کیا کہ امریکا مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے، اس لیے آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بند کیا جا رہا ہے اور یہ دشمن کی وعدہ خلافی کا پہلا جواب ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں جاری جارحیت نہ رکی تو مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب، ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے بھی اپنے علیحدہ عسکری بیان میں تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی صبح سے آبنائے ہرمز کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ‘فارس’ کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب نے تمام تجارتی، مال بردار اور بالخصوص تیل بردار (Oil Tankers) بحری جہازوں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے سے مکمل گریز کریں، بصورتِ دیگر کسی بھی قسم کے نقصان کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔ ایرانی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ بندش کتنے عرصے تک برقرار رہے گی، تاہم ایرانی وفد امریکا کے ساتھ طے شدہ مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہو چکا ہے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف پہلے سے موجود ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز امریکا، ایران اور پاکستان کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد اس شاہراہ کو کھولا گیا تھا، جس سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی تھیں، مگر حالیہ کشیدگی سے دوبارہ عالمی معیشت پر دباؤ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
متعلقہ عنوانات
اسحاق ڈار مصر پہنچ گئے، علاقائی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے
20 June 2026
محسن نقوی کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، امریکا سے معاہدے کی صورتحال پر گفتگو
20 June 2026
وزیرخارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار قاہرہ روانہ
20 June 2026
غزہ سنگین انسانی بحران کا شکار، سلامتی کونسل فوری اقدامات اٹھائے: پاکستان
20 June 2026
اسرائیلی فورسز کی لبنان کے ساتھ غزہ میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری
20 June 2026
امریکا ایران مذاکرات: صدر ٹرمپ کے ایلچی اور ایرانی وزیر خارجہ سوئٹزرلینڈ روانہ
20 June 2026
ٹرمپ انتظامیہ نے مفاہمت کی پہلی شق پر عمل کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا، ابراہیم عزیزی
20 June 2026
ایران کا امریکہ سے اسرائیل کو شرائط پر عمل درآمد کا پابند بنانے کا مطالبہ
20 June 2026