190 ملین پاؤنڈکیس: عمران اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
Web Desk
25 November 2026
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اپنی کارروائی براہِ راست دکھاتی رہی ہے۔ اس پر چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ آزاد ہے اور کسی کے ماتحت نہیں، اس عدالت کے اپنے رولز اور ریگولیشنز ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے نشاندہی کی کہ اس عدالت کے ایک جج نے بھی لائیو اسٹریمنگ کی تھی، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے واضح کیا کہ انہوں نے اس کی اجازت نہیں دی تھی بلکہ متعلقہ جج نے اپنے طور پر لائیو اسٹریمنگ کی تھی اور ابھی لائیو اسٹریمنگ کے باضابطہ رولز بننا باقی ہیں۔ وکیل صفائی نے رولز بننے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے کہا کہ آپ مجھے ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے، اس عدالت میں کیا ہونا چاہیے یہ میرا کام ہے، سماعت اوپن کورٹ میں ہو رہی ہے لہٰذا آپ دلائل شروع کرنے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں؟
عدالت میں دلائل جاری رکھتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اس مقدمے میں شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری سمیت 6 ملزمان غیر حاضر رہے جبکہ عدالت نے محض دو ملزمان کی حد تک کیس کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ رقم قومی خزانے کے بجائے چار سال سپریم کورٹ کے پاس پڑی رہی اور سرمایہ کاری سے دوگنی ہو گئی، اس میں نقصان کہاں ہوا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ قومی خزانے کو اصل نقصان اس مقدمے کی مہنگی ترین پراسیکیوشن کے ذریعے ہوا، کیونکہ نیب کا مقدمہ تو یہ ہوتا ہے کہ پیسہ باہر چلا گیا جبکہ یہاں تو پیسہ ملک میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ہوئی اور یہ سراسر ایک سیاسی مقدمہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کیس کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے تاکہ پوری قوم کو معلوم ہو سکے کہ اصل معاملہ کیا ہے، کیونکہ ماضی میں رات کے اندھیرے میں سماعتیں کر کے سزائیں سنائی گئیں جنہیں دنیا تسلیم نہیں کرتی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تین چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ کر انصاف کی اپیل کی ہے مگر تاحال اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، لہٰذا ہماری چیف جسٹس صاحبان سے گزارش ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جائے۔
متعلقہ عنوانات
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی
25 November 2026
ایم کیو ایم کا 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کا فیصلہ، کمشنر کو درخواست دیدی
25 November 2026
این سی سی آئی اے کی تنظیم نو؛ پاکستان سائبر پولیس بنانے کی سفارش
25 November 2026
سرگودھا جلسے سے قبل مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا امجد خان سمیت جے یو آئی رہنما گرفتار، اسلم غوری کا شدید ردعمل
25 November 2026
صدر مملکت سے سپیکر بنگلا دیش اسمبلی کی ملاقات، تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر زور
25 November 2026
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اختتام پذیر، قومی مسائل، صوبائی معاملات اور جماعتی تنظیمِ نو پر تفصیلی مشاورت
25 November 2026
آبنائے ہرمز میں نگرانی مزید سخت ، جہازوں کو ایرانی فوج سے رابطہ لازمی قرار
25 November 2026
وزیراعظم کا سرکاری اداروں کی نجکاری تیز کرنے کا حکم
25 November 2026