LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
امریکا اور کینیڈا کی افواج کے درمیان تعاون محدود کرنے کا مبینہ خفیہ میمو سامنے آگیا ٹرمپ کا یورپی ممالک کو یوکرین جنگ پر اخراجات کم کرنے کا مشورہ امریکہ نے ایران کا ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ مسترد کر دیا اسرائیلی فوج کا غزہ میں خوراک سے بھرے ٹرک پر حملہ، 3 فلسطینی شہید امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے کرائم انفارمیشن سینٹر کا ڈیٹا بیس ہیک ہو گیا مصنوعی ذہانت کی جنگوں میں انسانوں کے تحفظ کیلئے عالمی قوانین ناگزیر: چیف جسٹس آزاد کشمیر یوکرینی حملوں کے بعد کریمیا پل پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہو گئی: روسی نائب وزیراعظم ٹرمپ کا ایران کے ساتھ مستقل جوہری معاہدہ کرنے کا اعلان کھیلوں کے میدان آباد، دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی: گورنر خیبرپختونخوا مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، 15 دہشت گرد ہلاک قطری وفد کا تہران کا دورہ، ایران کا مؤقف مخالف فریقوں اور ثالثوں تک پہنچا دیا گیا اسلام آباد پاسپورٹ آفس سے 138 بک لیٹس چوری، ملازم گرفتار آزاد کشمیر کی صورتحال کا حل سیاسی مذاکرات ہیں: سردار تنویر الیاس ایرانی فوج کا امریکی ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، ویڈیو جاری تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، 5 افراد جاں بحق

مصنوعی ذہانت کی جنگوں میں انسانوں کے تحفظ کیلئے عالمی قوانین ناگزیر: چیف جسٹس آزاد کشمیر

Web Desk

21 November 2026

چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی جنگوں میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے عالمی قوانین ناگزیر ہیں۔

وہ برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا ہاؤس آف لارڈز، لندن میں منعقدہ بین الاقوامی انسانی حقوق سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ ’’مصنوعی ذہانت کی جنگیں اور انسانی حقوق‘‘ کے عنوان سے اس سیمینار کا اہتمام دی وزڈم ٹرسٹ نے کیا، جبکہ اس کی میزبانی لارڈ برینن کے سی نے کی۔ سیمینار میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لارڈز، برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، ممتاز بیرسٹرز، قانونی ماہرین، جامعات کے پروفیسرز اور انسانی حقوق کے سکالرز نے شرکت کی۔

جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے جنگوں کی نوعیت تبدیل کر دی ہے، اب مشینیں یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر رہی ہیں کہ کون زندہ رہے گا اور کون موت کا شکار ہوگا، ایسے میں انسانی جان لینے کے ہر فیصلے میں بامعنی انسانی نگرانی اور مؤثر بین الاقوامی قانون سازی ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری خودکار ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کے لیے پابند بین الاقوامی معاہدہ تشکیل دے اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھی قانونی جوابدہی کے دائرے میں لائے۔

چیف جسٹس آزاد کشمیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے مثبت اور تعمیری استعمال کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم اس ٹیکنالوجی کا جنگی مقاصد کے لیے غیر ذمہ دارانہ استعمال انسانی حقوق اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ غزہ، یوکرین اور ایران میں جنگی کارروائیوں کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اہداف کا تعین، ڈرون نگرانی اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال عام شہریوں، خواتین اور بچوں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصول، خصوصاً شہریوں اور جنگجوؤں میں امتیاز، طاقت کے متناسب استعمال اور جوابدہی کے تقاضے، مصنوعی ذہانت کے غیر محتاط استعمال سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ اگر کسی خودکار نظام کے نتیجے میں کسی بے گناہ شہری کی جان چلی جائے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟ عالمی برادری کو اس بنیادی سوال کا جواب تلاش کرنا ہوگا۔

جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے اقوام متحدہ کی قرارداد 47 کا حوالہ دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بھی عالمی برادری کے سامنے اُجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 1947 سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چہرے کی شناخت، ڈرون نگرانی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کے نظام کو انسانی آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے مشروط کیا جانا چاہیے۔

چیف جسٹس آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانیت کی خادم ہونی چاہیے، اس کی حاکم یا انسانی جان لینے والی قوت نہیں، اور اس مقصد کے لیے عالمی سطح پر واضح قوانین، انسانی نگرانی اور ریاستوں سمیت ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جوابدہی یقینی بنانا ہوگی۔ سیمینار کے اختتام پر چیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور دی وزڈم ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز گراہم سوپر کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔