LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
ملتان : جامعہ قاسم العلوم پر قبضے کی کوشش کا معاملہ؛ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے کے خلاف مقدمہ درج کراچی: گھر میں سلنڈر دھماکے کے بعد عمارت منہدم، امدادی کارروائیاں جاری شہباز شریف کا دورۂ ماسکو، تجارت، ویزا سہولت اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات مولانا فضل الرحمان کا گھر، گاڑی اور بیٹا پولیس کی تحویل میں ہیں: کامران مرتضیٰ اب تک یوکرین کے 3 لاکھ ڈرونز تباہ کر دیئے: روسی وزارت دفاع بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد آمد، حکومتی قیادت سے اہم ملاقات متوقع پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس، کراچی میں تاریخی جلسہ ہوگا: سعید غنی ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے: رضا امیری کا بڑا اعلان امریکی سینٹ کام کا ایرانی فوجی کمانڈر کے دعوؤں پر ردعمل آگیا افغانستان میں سکول کے قریب دھماکا، 7 طلبہ جاں بحق، 99 افراد زخمی نئے صوبوں، انتظامی یونٹس ریاست اور عوام کی ضرورت ہے: مصطفیٰ کمال حکومت تمام معاملات اتفاق رائے سے حل کرے، معاشی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے: بلاول بھٹو پاکستان کا بھارت میں نئے ناظم الامور کی تعیناتی کا فیصلہ پنجابی ماں بولی ہماری پہچان، فروغ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا: عطا تارڑ سندھ کی تقسیم مرتے دم تک قبول نہیں: شرجیل میمن

کم عمر لڑکیوں کو دارالامان بھیجنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کالعدم قرار

Web Desk

28 November 2026

لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر لڑکیوں کے بیانات دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں دارالامان بھیجنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کالعدم قرار دے دیے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ مجسٹریٹ کو محض بیان ریکارڈ کرنے کی بنیاد پر کسی لڑکی کو دارالامان میں رکھنے کا اختیار حاصل نہیں، جبکہ کم عمری کی شادی کے بعد رہائش اور تحویل کا فیصلہ صرف لڑکی کی رضامندی کی بنیاد پر بھی نہیں کیا جا سکتا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے رخسانہ حبیب، محمد نعمان اور محمد ذیشان کی تین آئینی درخواستوں پر مشترکہ فیصلہ جاری کیا، جن میں دو کم عمر لڑکیوں مافیا بی بی اور سلینہ بی بی کو دارالامان میں رکھنے کے مجسٹریٹ کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ’’پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026ء‘‘ کے تحت 18 سال سے کم عمر لڑکا یا لڑکی بچہ ہے اور کم عمری کی شادی کے نتیجے میں مبینہ شوہر کے ساتھ رہائش، لڑکی کی رضامندی کے باوجود، قانون کے تحت ممنوع ہے؛ کم عمر لڑکی کی خواہش کو رہائش یا تحویل کے فیصلے میں حتمی حیثیت نہیں دی جا سکتی۔ فیصلے کے مطابق مافیا بی بی کی والدہ نے 31 اگست 2026ء کو تھانہ بستی ملوک ملتان میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا؛ مافیا بی بی نے مجسٹریٹ کے سامنے محمد نعمان سے اپنی مرضی سے شادی اور اس کے ساتھ رہنے کا بیان دیا، تاہم والدہ کی جانب سے پیش کردہ نادرا فارم ب کے مطابق لڑکی کی تاریخ پیدائش 21 دسمبر 2009ء تھی، جس پر مجسٹریٹ نے اسے کم عمر قرار دیتے ہوئے دارالامان بھیج دیا اور بعد ازاں رہائی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

دوسرے مقدمے میں محمد ذیشان نے موقف اختیار کیا کہ سلینہ بی بی نے 25 جولائی 2026ء کو اپنی مرضی سے اس سے شادی کی تھی اور لڑکی نے مجسٹریٹ کے سامنے بھی ذیشان کے ساتھ رہنے کا بیان دیا، تاہم والد کی جانب سے پیش کردہ فارم ب کے مطابق اس کی عمر 15 سال سے کم تھی، جس پر مجسٹریٹ نے اسے نابالغ قرار دے کر دارالامان بھیج دیا جبکہ ایڈیشنل سیشن جج نے نظرثانی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے دی تھی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ بچوں کے بہترین مفاد، تحفظ، جسمانی و ذہنی صحت، تعلیم اور نشوونما کو مدنظر رکھنا ضروری ہے؛ بچوں کی خواہشات بھی اہمیت رکھتی ہیں، تاہم انہیں تحویل یا رہائش کے فیصلے کی واحد بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ دارالامان میں غیر معینہ مدت تک رہائش کسی قانونی فیصلے یا تحویل کے تعین کا متبادل نہیں بن سکتی اور کسی لڑکی کو جبری طور پر دارالامان میں رکھنے کے لیے واضح قانونی اختیار ہونا ضروری ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے مجسٹریٹ کے 3، 7، 11 اور 15 ستمبر 2026ء کے احکامات سمیت ایڈیشنل سیشن جج کے 10 ستمبر 2026ء کے حکم کو بھی کالعدم قرار دے دیا، تاہم دونوں لڑکیوں کی فوری رہائی یا کسی فریق کے حوالے کرنے کے بجائے ان کی موجودہ رہائش عارضی طور پر برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ عدالت نے سیشن جج ملتان کو ہدایت کی کہ دونوں لڑکیوں کو دو روز کے اندر پیش کر کے ان سے الگ الگ ملاقات کی جائے، ان کی موجودہ خواہشات معلوم کی جائیں اور عمر سے متعلق شواہد، تحفظ کے خدشات اور والدین یا مبینہ شوہروں کے ساتھ رہائش سے لاحق خطرات کا جائزہ لے کر متبادل محفوظ رہائش کے انتظامات سے متعلق الگ الگ رپورٹ آئندہ سماعت سے قبل پیش کی جائے۔

مزید برآں، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ دارالامان ملتان کو حکم دیا کہ دونوں لڑکیوں کی حفاظت، عزت، صحت اور مشاورت کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کی خواہشات و تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے خاندان سے مناسب نگرانی میں رابطے کی سہولت فراہم کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے دونوں لڑکیوں کو آئندہ سماعت تک دارالامان میں رکھنے کا عبوری حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ انتظام محض عارضی نوعیت کا ہے اور اسے تحویل، مبینہ شادی کی قانونی حیثیت یا کسی فریق کی فوجداری ذمہ داری کا حتمی فیصلہ تصور نہ کیا جائے۔