اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل اور صاحبزادے گرفتار، ملتان میں جامعہ قاسم العلوم پر چھاپے کی مذہبی قیادت کی جانب سے مذمت
Web Desk
28 November 2026
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی کارروائی کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق ان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملتان میں قدیم دینی درسگاہ جامعہ قاسم العلوم پر رات گئے چھاپے اور گرفتاریوں کے خلاف وفاق المدارس کی قیادت نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقہ مجسٹریٹ اپنی ٹیم کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پہنچے، جبکہ کارروائی سے قبل پولیس نے رہائش گاہ کی جانب جانے والے تمام راستے بند کر دیے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سی ڈی اے نے گھر کے مالک امان اللہ کی الاٹمنٹ منسوخ کرتے ہوئے رہائش گاہ کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے اہلِ خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ کی مہلت دی گئی، جس کے بعد اہلِ خانہ وہاں سے روانہ ہو گئے اور مجسٹریٹ نے عمارت کو سیل کر دیا۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ انتظامیہ نے اہلِ خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ کو سیل کر دیا ہے، جبکہ مولانا اسجد محمود کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق ترجمان نے اس کارروائی پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مبینہ طور پر انتقامی کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ تاہم پارٹی قیادت کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور قیادت کی آئندہ ہدایات کا انتظار کریں۔
ادھر ملتان میں قدیم دینی مدرسے جامعہ قاسم العلوم پر رات گئے مبینہ چھاپے کے دوران اساتذہ، منتظمین اور طلبہ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اس واقعے پر مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا انوار الحق، مولانا محمد حنیف جالندھری اور مولانا زبیر احمد صدیقی نے ایک مشترکہ اعلامیے میں شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ وفاق المدارس کی قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر کسی فریق کو مدرسہ انتظامیہ سے کوئی شکایت تھی تو قانونی طریقہ کار اختیار کرنے کے بجائے سرکاری طاقت کا استعمال زیادتی کے مترادف ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ذاتی علمی حیثیت میں جامعہ قاسم العلوم اور وفاق المدارس کے سرپرست ہیں، لہٰذا ان کی سیاسی اور علمی حیثیت کو آپس میں خلط ملط کر کے تعلیمی ادارے کے خلاف کارروائی کرنا مناسب نہیں۔
متعلقہ عنوانات
کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور نعش نکال لی گئی
29 November 2026
ایران نے امریکی افواج پر جوابی حملوں میں سٹار لنک کا استعمال کیا: واشنگٹن پوسٹ
29 November 2026
فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا عالمی دن
29 November 2026
بجلی صارفین پر 95 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری
29 November 2026
میانمار: فوج کے شادی کی تقریب سمیت مختلف مقامات پر حملے، 30 افراد ہلاک
29 November 2026
عالمی پنجابی کانفرنس میں پنجابی زبان کو نصاب میں شامل کرنے کا مطالبہ
29 November 2026
اردوان کی یونانی صدر سے ملاقات، بحیرہ ایجیئن کو امن کا سمندر بنانے کے عزم کا اظہار
29 November 2026
ایران کی شرائط تسلیم ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف
29 November 2026