وزیراعظم کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت
Web Desk
27 November 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) ملک میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پی سی ایس آئی آر کے امور سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے مینڈیٹ، کارکردگی اور مستقبل میں اس کے ممکنہ کردار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پی سی ایس آئی آر کی تمام لیبارٹریز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں تاکہ پاکستانی برآمدی مصنوعات کی عالمی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ توثیق کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے ایکو سسٹم میں پی سی ایس آئی آر اہم کردار ادا کر سکتا ہے، اس لیے ادارہ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے اپنا تحقیقی کردار مؤثر انداز میں ادا کرے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صنعتی فنی تربیت کے لیے نیوٹیک کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت کی اور پی سی ایس آئی آر کے حوالے سے کی گئی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔
وزیراعظم نے پی سی ایس آئی آر کے قیام کے مقاصد، قانونی ذمہ داریوں، اب تک کی کارکردگی اور مستقبل میں ادارے کی استعداد سے بھرپور استفادے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی، جو اس بات کا تعین کرے گی کہ قومی معیشت، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ادارے کو مزید مؤثر کیسے بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر کے ملک بھر میں 10 تحقیقی لیبارٹریز اور یونٹس جبکہ 7 تکنیکی تربیتی ادارے کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ 12 نئی لیبارٹریاں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ بریفنگ کے مطابق پی سی ایس آئی آر صنعتی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور کم لاگت تکنیکی حل فراہم کرتا ہے تاکہ ملکی صنعت کی پیداواری صلاحیت اور معیار بہتر بنایا جا سکے، جبکہ ادارہ اب تک 12 ہزار سے زائد نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر چکا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پی سی ایس آئی آر خوراک، زراعت، بائیوٹیکنالوجی، ادویات، ٹیکسٹائل، چمڑے، معدنیات، انجینئرنگ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق و ترقی کی سرگرمیاں انجام دیتا ہے، اور اس کی لیبارٹریز ملکی صنعتوں و برآمد کنندگان کو مصنوعات کی جانچ، معیار کی تصدیق اور تکنیکی آلات کی کیلیبریشن کی سہولیات بھی فراہم کرتی ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، خالد مگسی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
متعلقہ عنوانات
کویت کا ایرانی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے مسلسل حملوں پر احتجاج
27 November 2026
امریکی ساحلی ریاستوں میں طوفان سے تباہی، لاکھوں افراد بجلی سے محروم
27 November 2026
پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا اعلان
27 November 2026
امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ سسٹم پر سائبر حملہ، حساس فوجی ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا
27 November 2026
کراچی پورٹ پر درآمدی کارگو کی مقدار ایک لاکھ 74 ہزار 160 میٹرک ٹن ریکارڈ
27 November 2026
الیکشن میں مداخلت ملکی مسائل کی وجہ، عوامی رائے کا احترام حل کی ابتدا ہے: شاہد خاقان
27 November 2026
بلاول بھٹو کی کل اسلام آباد آمد متوقع، حکومتی رہنماؤں سے اہم ملاقاتوں کا امکان
27 November 2026
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے دو قرضوں کی منظوری
27 November 2026