حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا فقدان، بلاول بھٹو کا نظام کی جمہوری ری سیٹنگ پر زور
Web Desk
26 November 2026
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے نظام کا ری سیٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
ملتان میں “میٹ دی پریس” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت حکومت اور اپوزیشن سمیت پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان بھی اعتماد کا فقدان پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو، کیونکہ جب تک صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوں گے اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا، اس وقت تک انتخابات یا ریفرنڈم متنازع ہی رہیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں کیونکہ پارلیمان سے باہر کیے جانے والے فیصلے حتمی اور ملک کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوتے، جس طرح قائداعظم نے بھی ہتھیار اٹھانے کے بجائے جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان حاصل کیا تھا۔
ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ملک کسی قدرتی آفت سے تو نہیں گزر رہا تاہم شدید معاشی مشکلات درپیش ہیں، اور انہیں خدشہ ہے کہ اس معاشی بحران کے باعث حالات میں بہتری کے بجائے مزید خرابی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت، بے روزگاری، اشیائے خورونوش، پیٹرول اور بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے، جبکہ ڈی اے پی کھاد اور مہنگے ڈیزل کی وجہ سے کسان بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے ماضی کے سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور نمائندوں نے پنجاب کے عوام کا بھرپور ساتھ دیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔
میڈیا کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے صحافی ملک کی طاقت ہوا کرتے تھے جو اپنے قلم سے حکومتیں بناتے اور گراتے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کی حکومت گرانا نہیں چاہتے، تاہم ان کی خواہش ہے کہ صحافی اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو آئینہ دکھائیں اور تعمیری تنقید کے ذریعے سیاست دانوں کی اصلاح کریں، کیونکہ اگر سیاست دان اور صحافی دونوں ایک دوسرے کی تعریفیں ہی کرتے رہیں تو اس سے نظام میں کوئی بہتری نہیں آئے گی۔
متعلقہ عنوانات
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، مزید 9 فلسطینی شہید
26 November 2026
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے 55ویں قومی دن ’عید الاتحاد‘ کی پروقار تقریب
26 November 2026
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
26 November 2026
ملک بھر میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام ترجیح ہے: چیف جسٹس پاکستان
26 November 2026
پاکستان میں موسمیاتی منصوبوں کے لئے سرمایہ کاری بڑھانے پر غور
26 November 2026
سرگودھا کانفرنس پر پابندی اور گرفتاریوں کے خلاف مولانا فضل الرحمٰن کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
26 November 2026
حکومت کا پی ٹی آئی کے بغیر انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ
26 November 2026
چین اور پاکستان کا تعاون حقیقی معنوں میں ستاروں تک جا پہنچا: وزیراعظم
26 November 2026