سلامتی کونسل کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پر پابندیاں لگائے: چین
Web Desk
20 November 2026
قوامِ متحدہ میں چین کے قائم مقام مستقل مندوب سن لی نے سلامتی کونسل سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ قرارداد 1267 اور 2713 کے تحت پابندیوں کے نظام کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی ونگ مجید بریگیڈ کو جلد از جلد عالمی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی مندوب سن لی نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں بے گناہ عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے۔
سن لی کا کہنا تھا کہ عالمی دہشت گردی کا خطرہ بدستور پیچیدہ اور سنگین ہے، جہاں دہشت گرد تنظیمیں اپنی کارروائیوں کی صلاحیت بڑھا رہی ہیں اور علاقائی تنازعات سے فائدہ اٹھا کر اپنا اثر و رسوخ پھیلا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر عالمی حکمت عملی کے لیے دوٹوک مؤقف، عدم برداشت اور مضبوط بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔
افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چینی مندوب نے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ نہ صرف اس ملک بلکہ اس کے ہمسایہ ممالک کی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گرد تنظیم ’داعش خراسان‘ (آئی ایس کے) سرحد پار حملوں کے لیے اپنی صلاحیت اور سرگرمیوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ سن لی نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور افغانستان میں موجود تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائے، جن میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1267 کے تحت پابندیوں کی فہرست میں شامل افراد اور تنظیمیں بھی شامل ہیں۔
چینی مندوب نے مزید کہا کہ افغانستان کو دوبارہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو افغانستان کی معیشت کی بحالی اور وہاں کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنی چاہیے۔ انہوں نے وسطی ایشیائی ممالک، علاقائی تنظیموں، بالخصوص شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور افغانستان کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ سرحد پار دہشت گردی کے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
جدید ٹیکنالوجی کے منفی استعمال کی نشاندہی کرتے ہوئے سن لی نے خبردار کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت، ڈرونز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال کر رہی ہیں، جنہیں لوگوں کو تشدد پر اکسانے، نئے ارکان بھرتی کرنے، مالی وسائل جمع کرنے اور حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی نگرانی، خطرات کے جائزے اور مؤثر ضابطہ کار کو مضبوط بنایا جائے، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو بھی ٹیکنالوجی، جدید آلات، فنی معاونت، تربیت اور خفیہ معلومات کے تبادلے کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد فراہم کی جائے۔
متعلقہ عنوانات
امریکا، روس اور چینی صدور کی حالیہ سمٹ کے زیادہ نتائج برآمد نہیں ہونگے: فابیو پنیٹا
20 November 2026
خلیج تعاون کونسل کا حوثی ملیشیا کو جوابدہ ٹھہرانے کیلئے فیصلہ کن مؤقف کا مطالبہ
20 November 2026
انقلابی شاعر فیض احمد فیض کو دنیا سے رخصت ہوئے 42 برس بیت گئے
20 November 2026
میکرون نے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت یورپی سلامتی کیلئے انتہائی اہم قرار دیدی
20 November 2026
نئے صوبوں کے قیام سے ملک کو کوئی نقصان نہیں ہوگا: شوکت یوسفزئی
20 November 2026
ابوظہبی کے 2 بڑے عجائب گھروں میں بچوں کیلئے مفت تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز
20 November 2026
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک کا عمران خان کی فوری رہائی، مناسب سلوک اور سیاسی کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ
20 November 2026
افغانستان میں دہشتگرد گروہوں سے رکن ممالک کو خطرہ ہے: سربراہ سلامتی کونسل
20 November 2026