LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
صومالیہ کا اماراتی سفیر کو 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم، اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات، ننکانہ صاحب میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان حکومت کیساتھ مذاکرات مکمل، پٹرولیم لیوی میں کمی کیلئے پیکیج تیار: لیاقت بلوچ سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے، موت مشکوک قرار قطر پاکستان میں جدید فائرنگ رینج تعمیر کرے گا، پولیس افسران کے تبادلے کا پروگرام بڑھانے پر اتفاق شہباز شریف کی آسیان سیکرٹری جنرل سے ملاقات، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال پاکستان اور آسیان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق پنجاب میں مریضوں کو 39 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا مفت علاج فراہم پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید 3 پیسے سستا ہوگیا کراچی کیلئے مزید 500 بسوں کی منظوری، ریلیوں کی اجازت نہیں دینگے: شرجیل میمن سٹاک مارکیٹ میں تیزی، کاروبار کا مثبت رجحان رہا بحیرہ عرب میں مشترکہ آپریشن، 15 کروڑ کی غیر قانونی شراب ضبط لاہور: اجوکا تھیٹر کا پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل کی منظوری پر شدید تحفظات کا اظہار، قانون کی واپسی کے لیے مہم چلانے کا اعلان 600 میگاواٹ شارٹ فال، لاہور سمیت مختلف شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع فیلڈ مارشل سے قطری وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پنجاب میں مریضوں کو 39 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا مفت علاج فراہم

Web Desk

19 November 2026

لاہور: حکومتِ پنجاب کے شعبۂ صحت میں خصوصی پروگراموں کے تحت اب تک مریضوں کو 39 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔

پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی (پی ایچ آئی ایم سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 123 واں اجلاس صوبائی وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صحت سے متعلق مختلف فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے خصوصی پروگراموں کے باعث دل کے امراض، کینسر، ڈائیلسز، فالج، بچوں کی دل کی سرجری اور اعضاء کی پیوند کاری (ٹرانسپلانٹ) کے علاج کے لیے مریضوں کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی آئی ہے۔

تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ بچوں کی دل کی سرجری کے خصوصی پروگرام کے تحت اب تک 17 ہزار 262 سے زائد بچوں کی مفت سرجری کی جا چکی ہے، جبکہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی اس سہولت سے مستفید کیا گیا ہے۔ اسی طرح ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 3 ہزار 173 کامیاب ٹرانسپلانٹس کیے جا چکے ہیں، جن میں 1 ہزار 455 گردوں، 1 ہزار 105 کوکلیئر، 463 جگر، 82 بون میرو اور 68 قرنیہ کے ٹرانسپلانٹس شامل ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید بتایا کہ مفت ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 26 لاکھ 69 ہزار سے زائد سیشنز مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ 53 ہزار 106 سے زائد مریض رجسٹرڈ ہیں۔ کینسر کے علاج کے پروگرام کے حوالے سے انہوں نے آگاہ کیا کہ اب تک 53 ہزار 413 سے زائد مریض رجسٹرڈ کیے گئے ہیں جبکہ 1 لاکھ 98 ہزار 686 سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ علاوہ ازیں ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت 9 ہزار 365 سے زائد مریضوں کو شامل کیا گیا ہے اور 2 ہزار 944 سے زائد مریضوں کی دل کی مفت سرجری مکمل کی جا چکی ہے۔

صوبائی وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے دل کے مریضوں کے علاج کے لیے سالانہ 3 ارب روپے، کینسر کے علاج کے لیے 10 ارب روپے اور فالج کے مریضوں کے لیے سالانہ تقریباً سوا ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ ہسپتالوں کو ہدایت کی کہ مریضوں کی ویٹنگ لسٹ میں مزید تیزی سے کمی لائی جائے اور عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس موقع پر سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود نے بھی منتخب ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت جاری کی۔