LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کا دفاع ترجیح ہے، حاقان فیدان مولانا فضل الرحمان جہاں غلط ہوں گے وہاں کہا جائےگا: گورنر خیبر پختوںخوا خیبر پختونخوا کے ترقیاتی پیکیج کے 10 ارب روپے جاری ہونا خوش آئند: ثمر بلور پاکستان تحریک انصاف نے ایڈووکیٹ نیاز اللہ خان نیازی کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی میں بھی شامل کر لیا پاکستان اورعمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا مخصوص طبقہ ملک پرمسلط، اِن سےجان چھڑانی ہوگی: حافظ نعیم الرحمٰن 12 مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، میئر کراچی ایک وزیر آجکل مجھ پر تبصرے کر رہا ہے، جواب دیا تو منہ چھپانےکے قابل نہیں رہےگا: محسن نقوی استنبول: ساتویں عالمی ویمن سمٹ، اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد کی شرکت پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں نیوکلیئر سیکیورٹی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے اراکینِ قومی اسمبلی کا اسلام آباد میں اہم اجلاس نئے صوبوں کا قیام ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے ناگزیر ہے: مصطفیٰ کمال محسن نقوی کا نادرا سنٹر پیکو روڈ کا دورہ، مسائل کے حل کیلیے موقع پر ہی احکامات جاری سرکاری قرضوں میں ایک سال کے دوران 6 ہزار 200 ارب روپے کا بھاری اضافہ ایران اور روس کے درمیان جوہری تعاون جاری رہے گا: روسی عہدیدار

پاکستان میں پٹرولیم سبسڈی سکیم کا دائرہ بہت وسیع، جلد ختم کیا جائے: آئی ایم ایف

Web Desk

16 November 2026

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر پٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پر عوام کو ریلیف دینا چاہے، تو یہ مالی امداد انتہائی محدود، عارضی اور صرف مستحق طبقے تک ہی مخصوص ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے کم آمدنی والے طبقے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے رواں سال ستمبر میں ایندھن پر سبسڈی اسکیم متعارف کرائی تھی۔ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والوں کو ہفتہ وار 500 روپے مالیت کا پیٹرول ٹوکن فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ 800 سی سی تک انجن والی گاڑیوں کے مالکان کو ہر 10 روز میں زیادہ سے زیادہ 10 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جا رہی ہے۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں جاری اس ایندھن سبسڈی اسکیم کو اس کے وسیع دائرہ کار اور قومی خزانے پر پڑنے والے زیادہ اخراجات کے باعث مرحلہ وار ختم کیا جانا چاہیے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں توقع سے زیادہ بڑھتی ہیں، تو مستقبل میں دی جانے والی کسی بھی مالی معاونت کو محدود مدت کے لیے مخصوص طبقات تک رکھا جائے اور اس کے اخراجات مالی سال 2026-27 کے منظور شدہ بجٹ کی حدود میں رہتے ہوئے ہی پورے کیے جائیں۔

آئی ایم ایف ترجمان نے یاد دلایا کہ پاکستان نے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت یہ باضابطہ وعدہ کر رکھا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق رکھی جائیں گی، تاہم اس دوران کمزور اور مستحق طبقے پر پڑنے والے مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے خبردار کیا کہ خطے میں جاری جنگ پاکستان کی معاشی صورتحال کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، کیونکہ ملک اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش اور عالمی جہاز رانی میں رکاوٹوں نے ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی کے امکانات کو متاثر کیا ہے، جبکہ تیل کی بلند قیمتوں سے پاکستان میں مہنگائی کا دباؤ پہلے ہی بڑھ چکا ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 9.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ستمبر میں مہنگائی کی شرح 10.3 فیصد رہی تھی۔

عالمی مالیاتی ادارے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی پالیسی ترجیحات میں معاشی استحکام برقرار رکھنے، سرکاری مالیات کو بہتر بنانے، مسابقت بڑھانے، پیداواری صلاحیت میں اضافے، سماجی تحفظ کے نظام اور انسانی وسائل کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رہنی چاہیے، اس کے ساتھ سرکاری اداروں میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم بنانا بھی ناگزیر ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آئی ایم ایف نے کراچی اور اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے مذاکرات کے بعد سٹاف لیول معاہدہ کیا تھا، جس کی حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ سے ہونا باقی ہے۔ منظوری کی صورت میں پاکستان کو ای ایف ایف کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے تحت 21 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے، جس کے بعد پروگرام کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 5 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگلے ماہ متوقع ہے، جس کا انعقاد پروگرام کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگا۔