توشہ خانہ کے قواعد مزید سخت، وفاقی حکومت کے نئے رولز 2026 نافذ
Web Desk
23 September 2026
وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نظام میں شفافیت لانے اور قواعد کو مزید سخت کرتے ہوئے ‘توشہ خانہ منیجمنٹ اینڈ ریگولیشن رولز 2026’ کے نفاذ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ان نئے قواعد کے تحت وزیراعظم اور صدرِ مملکت کے علاوہ دیگر تمام سرکاری عہدیداران کے لیے بیرونِ ملک یا سفارتی سطح پر تحائف وصول کرنے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
نئے ضوابط کے مطابق توشہ خانہ میں جمع شدہ اور آئندہ موصول ہونے والے تمام تحائف کی کھلی عوامی نیلامی کی جائے گی، جبکہ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام تر رقم ملک کے پسماندہ علاقوں میں بچیوں کی تعلیم اور بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ تاہم ثقافتی، تاریخی اور سفارتی حساسیت کے حامل تحائف کو نیلامی سے استثنیٰ حاصل ہو گا اور انہیں محفوظ رکھا جائے گا۔ نیلامی کا انعقاد سال میں کم از کم ایک بار لازمی اور ترجیحاً دو مرتبہ کیا جائے گا، جبکہ اس عمل کی براہِ راست میڈیا کوریج بھی کی جائے گی۔ اہم امر یہ ہے کہ سرکاری عہدیداران اور ان کے اہلخانہ اس نیلامی میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے اور کسی سیٹ کی صورت میں موجود تحفے کو الگ الگ کر کے فروخت نہیں کیا جائے گا۔
تحائف کی قدر اور نیلامی کا فیصلہ کرنے کے لیے سیکریٹری کابینہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں خزانہ، خارجہ، قانون اور ثقافت ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹریز شامل ہوں گے۔ اگر سفارتی آداب کے باعث تحفہ وصول کرنا ناگزیر ہو تو اسے 30 دن کے اندر توشہ خانہ میں جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ بیرونِ ملک دورے سے واپسی پر بھی 30 دن کی مہلت دی جائے گی۔ الگ جہاز سے آنے والے تحائف کے لیے 60 دن کی مہلت مقرر کی گئی ہے، تاہم گریڈ 1 سے 4 تک کے ملازمین کو نقد انعام اپنے پاس رکھنے کی اجازت ہوگی۔
تحائف کی مارکیٹ ویلیو کا تعین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اور نجی تخمینہ کار کریں گے، اور دونوں کے تخمینوں میں 25 فیصد سے زائد فرق پر تیسرے ماہر کی رائے اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کی مدد لی جا سکے گی، جبکہ اسلحے کی قیمت پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) واہ طے کرے گی۔ مقررہ مدت میں تحفہ جمع نہ کرانے پر عدالت میں قانونی شکایت درج کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت تمام تحائف کا تمام تر ریکارڈ اور تصاویر پورٹل پر عام کی جائیں گی، تاہم سفارتی حکمتِ عملی کے تحت تحفہ دینے والی شخصیت اور ملک کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔
متعلقہ عنوانات
جعلی اندراج کا الزام: ٹرمپ انتظامیہ کا افورڈیبل کیئر ایکٹ (اوباما کیئر) کے 7 لاکھ 60 ہزار صارفین کو نکالنے کا اعلان
23 September 2026
برنی سینڈرز نے ٹرمپ کی ایران جنگ کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیدیا
23 September 2026
معاشی بحران اور ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں تاریخی کمی: امریکی مڈ ٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کو بڑی برتری کا امکان
23 September 2026
جنرل اسمبلی اجلاس، ایرانی صدر کی سکیورٹی امریکی سیکرٹ سروس کے سپرد
23 September 2026
صدر پوتن، ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، کریملن
23 September 2026
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود ‘مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ’ کے پہلے سیکرٹری جنرل مقرر
23 September 2026
پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، اجتماعات اور ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی
23 September 2026
پاکستان کےنئے مالی سال کے پہلے دو ماہ میں بیرونی قرضوں میں 23 فیصد اضافہ
23 September 2026