سول سروس میں اصلاحات کیلئے سمارٹ ریفارمز پیکیج تیار، اہم ترامیم کی تجویز
Web Desk
19 September 2026
وفاقی سول سروس میں وسیع پیمانے پر بنیادی اصلاحات اور نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے ‘سمارٹ ریفارمز پیکیج’ تیار کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی نے بھارت سمیت ۲۵ ممالک کے سول سروس نظاموں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد حتمی سفارشات مرتب کی ہیں۔ اس اصلاحاتی پیکیج کے تحت ‘سول سرونٹس ایکٹ ۱۹۷۳’ اور ‘رولز آف بزنس ۱۹۷۳’ میں مجموعی طور پر ۲۲ ترامیم کے ساتھ ساتھ ۳ نئے قوانین متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ان تبدیلیوں کے لیے آئین میں کسی قسم کی ترمیم کی ضرورت نہیں ہو گی۔
مجوزہ اصلاحات کے تحت سی ایس ایس (CSS) امتحانی نظام میں اہم تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں، جن میں ابتدائی ٹیسٹ (MTP) کی پاسنگ کی حد ۳۳ فیصد سے بڑھا کر ۴۰ فیصد کرنا، منفی مارکنگ کا خاتمہ اور امیدواروں کی تجزیاتی صلاحیت جانچنے کا نیا طریقہ شامل ہے۔ علاوہ ازیں، انگریزی اور اردو کی شرط برقرار رکھتے ہوئے مضمون، پریسی و کمپوزیشن، اسلامیات، مطالعہ پاکستان اور کرنٹ افیئرز کے پرچے اردو میں دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایک روزہ روایتی انٹرویو کی جگہ آئی ایس ایس بی (ISSB) طرز پر جامع جائزہ لیا جائے گا اور بھرتی کا تمام عمل ۶ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ نیز کامیاب امیدواروں کی تعیناتی ان کی تعلیمی ڈگری سے متعلقہ آسامیوں پر کی جائے گی۔
اصلاحاتی پیکیج میں افسران کی ترقی اور مراعات کو سنیارٹی کے بجائے کارکردگی سے مشروط کرنے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا نام تبدیل کر کے ‘ہیومن ریسورس آرگنائزیشن ڈیویلپمنٹ ڈویژن’ رکھنے اور ۱۱ نئے پیشہ ورانہ گروپس تشکیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ گریڈ ۲۰ اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے ‘نیشنل ایگزیکٹو سروس’ اور تمام تربیتی اداروں کو ضم کر کے ‘نیشنل یونیورسٹی آف پبلک ایڈمنسٹریشن’ قائم کی جائے گی۔ مالیاتی مراعات کے تحت ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ مہنگائی کے حساب سے خودکار اضافہ، پرفارمنس کی بنیاد پر ۵ فیصد اضافی فنڈز، گاڑیوں کے لیے آسان قرضے اور ریٹائرمنٹ پر ۵۰ لاکھ روپے کی یکمشت رقم شامل ہے۔ اصلاحات کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے اور اس پر عملدرآمد کی ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی جائے گی۔
متعلقہ عنوانات
اسحاق ڈار اور عباس عراقچی میں رابطہ، بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت پر زور
19 September 2026
اسلام آباد معاہدے پر واپس آنے کی کوششیں جاری ہیں: ایرانی وزارتِ داخلہ
19 September 2026
نئے انتظامی یونٹس بننے سے کوئی قتل و غارت نہیں ہوگی، مصطفیٰ کمال
19 September 2026
پنجاب میں سی ٹی ڈی کے 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 23 دہشت گرد گرفتار
19 September 2026
مشترکہ جائیداد کی نیلامی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرنا لازمی قرار
19 September 2026
عدالتی فائل گمشدگی کیس، سزا پانے والا اہلکار 15 سال بعد بری
19 September 2026
امریکی صدر ٹرمپ نے روس اور ایران پر پابندیوں کے بل پر دستخط کر دیے
19 September 2026
سکیورٹی فورسز کی پنجگور اور چاغی میں کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک
19 September 2026