اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا محرم میں امن وامان، بین المسالک ہم آہنگی پر اتفاق
Web Desk
16 June 2026
اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس: محرم الحرام میں امن و امان، سائبر پٹرولنگ اور فیک نیوز کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کا فیصلہ
صوبائی حکومت اور تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کا فرقہ واریت اور نفرت انگیز مواد کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق، مریم اورنگزیب کی صدارت میں سیکیورٹی اور بلدیاتی انتظامات کو فول پروف بنانے کی ہدایات جاری۔محرم الحرام کے مقدس مہینے میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اتحاد بین المسلمین پنجاب کمیٹی کا ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا ہے، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء و مشائخ اور صوبائی قیادت نے ملک و ملت کی سلامتی کے لیے جامع اور فول پروف حکمت عملی پر مکمل اتفاق کیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی نمائندگی کرتے ہوئے اس اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، چودھری شافع حسین، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال اکبر خان، صہیب احمد بھرتھ اور سید عاشق حسین کرمانی سمیت تمام اضلاع کے اعلیٰ انتظامی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے جید علما و مشائخ، صوبائی و ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین اور ممتاز مذہبی قائدین بھی موجود تھے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی، پولیس اور دیگر حساس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران بھی اس اہم ترین سیکیورٹی بیٹھک کا حصہ تھے۔
اجلاس کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے دوران صوبے میں بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قومی اتحاد اور امن و امان کے فروغ کے لیے حکومت اور علمائے کرام کے مابین ایک مضبوط اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ اس موقع پر تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ وہ اشتعال انگیزی، فرقہ واریت، فتنہ و فساد اور نفرت انگیزی کے خلاف حکومت پنجاب کے بیانیے کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہیں اور ایسے عناصر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ علماء کرام نے محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی، صحت، صفائی، لنگر اور سبیلوں کے بہترین انتظامات کو دل کھول کر سراہا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر عزاداروں کے لیے سبیلوں کے قیام سمیت دیگر انتظامی اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
اجلاس میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ نوجوان نسل کو اعتدال پسندی، صوفیانہ روایات اور مثبت دینی تعلیمات کی طرف لایا جائے اور تمام مذہبی قیادت اپنے خطابات، مجالس اور میڈیا گفتگو میں سخت پسندی کے بجائے برداشت، رواداری اور محبت کا پیغام عام کرے۔ دورانِ اجلاس سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، مذہبی منافرت اور فیک نیوز (افواہ سازی) کے خلاف انتہائی سخت ڈیجیٹل اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کے دوران انٹرنیٹ پر شرپسند مواد کی بیخ کنی کے لیے باقاعدہ “سائبر پٹرولنگ” کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس فورس (کوئک رسپانس فورس) تعینات کرنے کا بڑا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر ضلع میں سرکاری ترجمان مقرر کیے جا رہے ہیں جو انٹرنیٹ پر پھیلنے والی فیک نیوز کے خلاف فوری اور بروقت ردعمل دیں گے۔ حکومت نے واضح کیا کہ فیک نیوز اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آرز درج کی جائیں گی، گرفتاریاں ہوں گی اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے محکمہ داخلہ اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں جدید مانیٹرنگ کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شکایات اور منفی ڈیجیٹل مواد پر سیکنڈز کے اندر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
اجلاس کے دوران مریم اورنگزیب نے متعلقہ محکموں کو محرم کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی صفائی ستھرائی، متبادل ٹریفک پلان کی بحالی، سیکیورٹی اور طبی سہولیات کو ہر صورت فول پروف بنانے کی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے تاکید کی کہ شدید گرمی کے پیشِ نظر عزاداروں کے لیے پینے کے صاف پانی، سایہ دار مقامات، لیمپ پوسٹس اور ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ شرکاء نے خطے اور عالمی امن کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو بھی زبردست الفاظ میں سراہا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر احمد نے عالمی سطح پر امن کے قیام اور مشرقِ وسطیٰ کے حالیہ تنازع کے خاتمے میں ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے، اور پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی بدولت ہی دنیا ایک بہت بڑے عالمی عسکری تنازع سے محفوظ رہی ہے۔
حکام نے علمائے کرام کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف محرم الحرام کے تمام انتظامات کی خود براہِ راست نگرانی کر رہی ہیں اور صوبائی حکومت و علما کے درمیان مسلسل مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔ اجلاس میں ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر تین ماہ بعد اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، بقا، خودمختاری اور محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں مثالی امن و امان کے قیام کے لیے اجتماعی رقت آمیز دعا کی گئی۔
متعلقہ عنوانات
پاکستان سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، رانا قاسم نون
16 June 2026
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد دانش سکولز اتھارٹی کے شریک رکن مقرر
16 June 2026
پنجاب کابینہ نے 5850 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی
16 June 2026
سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہمارا 2 رکنی بنچ ہی کافی ہے: وفاقی آئینی عدالت
16 June 2026
وزیراعظم کی گلگت میں شمسی توانائی منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت
16 June 2026
ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کا سوڈان میں خوراک کے بدلے جنسی زیادتی کا اعتراف
16 June 2026
توانائی بحران برقرار، سپلائی چین کا تعطل ختم ہونے میں وقت لگے گا: آئی ایم ایف
16 June 2026
محسن نقوی کی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو
16 June 2026