پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
Web Desk
30 October 2026
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور جنوبی کوریا کے چیف جسٹس جو ہی دی (Cho Hee-dae) کے درمیان جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں سپریم کورٹ آف کوریا میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں دوطرفہ عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر باضابطہ دستخط کر دیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان ان دنوں جنوبی کوریا کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں سپریم کورٹ آمد پر جنوبی کوریا کے چیف جسٹس نے ان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں ممالک کے چیف جسٹس صاحبان کے مابین ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ عدالتی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان عدالتی وفود کے تبادلوں، پیشہ ورانہ تربیت، عدالتی تعلیم، مشترکہ تحقیق اور بہترین عدالتی طریقہ کار کے تبادلے کو بھرپور فروغ دیا جائے گا۔ اس یادداشت میں عدالتی اصلاحات، جدید عدالتی انتظام اور ڈیجیٹل نظامِ انصاف کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جبکہ دونوں ممالک کی عدلیہ نے الیکٹرانک کورٹ سسٹمز اور اسمارٹ کورٹس کے شعبوں میں بھی قریبی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
اس کے علاوہ عدالتی انتظام میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ذمہ دارانہ استعمال، عدالتی ڈیٹا کے تجزیے، سائبر سکیورٹی اور جدید عدالتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجربات کے باہمی تبادلے پر بھی اتفاق رائے پیدا ہوا۔ معاہدے کے تحت مطالعاتی دوروں، ماہرین کے تبادلوں، مشترکہ کانفرنسوں، سیمینارز اور اعلیٰ سطحی عدالتی مذاکرات کے انعقاد کے مواقع فراہم کیے جائیں گے جبکہ مشترکہ اقدامات پر عمل درآمد کے لیے موثر ادارہ جاتی رابطہ کاری کا طریقہ کار بھی وضع کر لیا گیا ہے۔
دورے کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے جنوبی کوریا کے نیشنل کورٹ ایڈمنسٹریشن کے وزیر جسٹس نو گیونگ پِل سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں عدالتی انتظام، ادارہ جاتی نظم و نسق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے اس موقع پر جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ڈیجیٹل عدالتی نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر سید معظم شاہ نے بھی چیف جسٹس پاکستان کے ہمراہ تمام ملاقاتوں اور مصروفیات میں شرکت کی اور دونوں ممالک کے درمیان عدالتی و ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے لیے مکمل سفارتی معاونت فراہم کی۔ یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین پائیدار عدالتی تعاون اور مضبوط ادارہ جاتی شراکت داری کے نئے راہیں وا کرے گی۔
متعلقہ عنوانات
نئے صوبوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہونی چاہئے: سلمان اکرم راجہ
14 November 2026
پاکستانی نژاد امریکی سماجی رہنما محمد سعید شیخ کو 45 سالہ انسانی خدمات کے اعتراف میں ’گلوبل سٹیزن ایوارڈ‘ سے نواز دیا گیا
14 November 2026
شہباز شریف سے آصف علی زرداری کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال
14 November 2026
انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ: بھارت نے سنسنی خیز مقابلےکے بعد ٹائٹل جیت لیا
14 November 2026
بچیوں کو مفت اور معیاری تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: حافظ نعیم الرحمان
14 November 2026
صوابی کے عوام نے تحریک انصاف کے خلاف فیصلہ سنا دیا: امیر مقام
14 November 2026
انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں: احسن اقبال
14 November 2026
سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکانِ اسمبلی کی حراست وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج
14 November 2026