LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
نئے صوبوں کے قیام کیلئے عوامی رائے لینے میں کوئی حرج نہیں: بیرسٹرعقیل ملک ن لیگ سے اتحاد ملک کی خاطر کیا، نئے صوبوں پر عوامی رائے اہم ہے: گورنر پنجاب سی ڈی ڈبلیو پی نے 19 ارب 30 کروڑ روپے کے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ای سی سی اجلاس، ایس ایم ایز کیلئے ایکسپورٹ فنانسنگ پالیسی میں ترامیم کی منظوری پنجاب ویٹ ریلیز اینڈ فلور ڈسٹری بیوشن آرڈر 2026 کا اطلاق آج سے ہو گا پاکستان اور بھارت کے درمیان تہذیبی روابط، مکالمے کا فروغ ناگزیر: مصدق ملک پٹرول کی قیمت میں ایک روہے کمی، ڈیزل 2 روپے لٹر مہنگا ہو گیا سعودی فوجی اتحاد کی حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائی، 7 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ روس کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے رکنیت سے استعفی دے دیا: ذرائع خیبرپختونخوا سے متعلق پانچ آرڈیننسز کے اجرا کی تیاری، وفاق نے سمری منظور کر لی موجودہ نظام اللہ کے احکامات کے خلاف، اسے ختم ہونا چاہیے: حافظ نعیم الرحمٰن پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے غیر سفارتی اور بے بنیاد بیانات مسترد کردیے جنگ کا بڑا حصہ گزر چکا، ایک بڑا مرحلہ باقی ہے، احمد وحیدی وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات کی جائزہ رپورٹ تیار کرلی: اعظم تارڑ

ای سی سی اجلاس، ایس ایم ایز کیلئے ایکسپورٹ فنانسنگ پالیسی میں ترامیم کی منظوری

Web Desk

20 November 2026

وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی برآمدات کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ فنانسنگ پالیسی میں اہم ترامیم سمیت مختلف اداروں اور منصوبوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی گئی۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق طویل مدتی ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ سہولت کے تحت برآمدات کی کم از کم شرط کو 80 فیصد سے کم کر کے 50 فیصد کر دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت متعلقہ کاروباری اداروں کو چار سال کے دوران کم از کم 50 فیصد برآمدات یقینی بنانا ہوں گی، جبکہ اس سلسلے میں پیشرفت کا جائزہ ہر چھ ماہ بعد لیا جائے گا۔

اجلاس میں نیشنل اکنامک انیشی ایٹوز منصوبوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، جبکہ اقلیتی بہبود فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق اس فنڈ سے اقلیتی برادری کی مالی معاونت، تعلیمی وظائف، یتیم بچیوں کی شادی کے اخراجات اور ہنگامی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی مرمت و بحالی کے لیے بھی یہ فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔

ای سی سی نے سیکیورٹی فورسز کی فضائی ضروریات کے پیشِ نظر پنجاب رینجرز کے ہیلی کاپٹرز کے اسپیئر پارٹس کی خریداری کے لیے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے اور فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کے زیرِ استعمال ہیلی کاپٹرز کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کر لی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 10 کروڑ روپے کی بھی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دانش اسکولز اتھارٹی کے لیے پہلے سے جاری 2 ارب روپے میں سے 50 کروڑ روپے مالی سال 2026-27ء کے آپریشنل اخراجات پر خرچ کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس سے ملازمین کی تنخواہوں، رہائش، یوٹیلیٹیز، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی اور مرمت کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پاک عرب پائپ لائن کمپنی (پاپکو) کے واجب الادا گارنٹیڈ تھروپٹ کلیم کی ادائیگی کے لیے ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔

دوسری جانب ای سی سی نے چینی کی برآمدات سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کی پیداوار کا مناسب معاوضہ یقینی بنانے پر زور دیا، جبکہ کمیٹی نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔