بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 17 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید
Web Desk
3 November 2026
بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں (IBOs) کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے بہادر سپاہی حکمت اللہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر دونوں اضلاع میں آپریشنز کیے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کی ناکہ بندی کی مذموم کوشش ناکام بنا دی، اور کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔ دوسری جانب، ضلع خاران میں ایک اور کامیابی کے ساتھ کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ کر دیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس دوران مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود باقی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے ان کامیاب آپریشنز کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے 17 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے ضلع خاران میں شہید ہونے والے سپاہی حکمت اللہ کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اعادہ کیا کہ ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیا جائے گا
متعلقہ عنوانات
سفیر سید حیدر شاہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اسناد سفارت پیش کر دیں
3 November 2026
امریکی پیغامات سے ثابت ہوا حالیہ جنگ میں واشنگٹن نے ایرانی فتح تسلیم کر لی: محمد رضا عارف
3 November 2026
امریکا ایران کیخلاف جنگ کے ذریعے عالمی معیشت میں خلل ڈال رہا ہے: علی باقری کنی
3 November 2026
ایران نے افزودہ یورینیم کو بیرون ملک منتقل کرنے کا امکان مسترد کر دیا
3 November 2026
آبنائے ہرمز بحران: ترک صدر کا متبادل تجارتی راستے بنانے پر زور
3 November 2026
ڈی آئی خان: شہریوں کے تحفظ کیلئے جدید ایس او ایس ایمرجنسی سسٹم متعارف
3 November 2026
مریم نواز کا چودھری سالک کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوانے کا اعلان
3 November 2026
چائلڈ پورنوگرافی اور کم عمر بچوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں دو ملزم گرفتار
3 November 2026