امن کا سورج طلوع، جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کی میزبانی پاکستان کرے گا: وزیراعظم
Web Desk
15 June 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کو عالمی امن کے لیے ایک عظیم سنگِ میل اور سفارتکاری کی فتح قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب جمعہ 19 جون کو جنیوا میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگی۔ پیر کے روز قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ معرکہ صرف دو ممالک کے درمیان ایک معاہدہ نہیں بلکہ امن اور مکالمے کی طاقت کی کامیابی ہے، جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عالمی معاشی استحکام کے ثمرات ہر پاکستانی تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو چکا ہے اور تین ماہ سولہ دن کی کٹھن آزمائشوں کے بعد امریکہ اور ایران نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے، جس پر پاکستان کے 24 کروڑ عوام کو دنیا بھر میں وہ عزت اور وقار ملا ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اس تاریخی کامیابی پر اپوزیشن اور حکومتی اراکین سمیت پوری عالمی برادری کو مبارکباد پیش کی اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا ان کی مسلسل رہنمائی اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنائی، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ان کی ٹیموں کے تدبر کو سراہا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور بالخصوص چین کے صدر شی جن پنگ کا امن مذاکرات کو آگے بڑھانے اور پاکستان کے ساتھ بھرپور مشاورت پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور پوری قوم سے اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کی اپیل کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واشنگٹن اور تہران کے مابین اس کٹھن اور صبر آزما عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں عسکری اور سیاسی قیادت کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر فرزند فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ذکر کے بغیر یہ کامیابی ادھوری ہے، جنہوں نے جنگ کے شعلے بجھانے کے لیے دن رات ایک کیے۔ مذاکرات کے دوران جب کئی بار ایسے نشیب و فراز آئے کہ لگا معاملہ ختم ہونے کو ہے، تو فیلڈ مارشل نے ہمت نہیں ہاری اور اللہ پر توکل کے ساتھ مسلسل کاوشیں کیں جس کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی شبانہ روز محنت اور ایران کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ذمہ دارانہ خدمات سمیت وزارت خارجہ اور تمام اداروں کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں پاکستان کا فخر قرار دیا۔ انہوں نے معاشی دباؤ کے باوجود عوام کے صبر اور صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سلام پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ معاشی ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں گے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے حب الوطنی سے بھرپور اشعار پڑھے:
جب اپنا قافلہ عزم و یقیں سے نکلے گا جہاں سے چاہیں گے‘رَستہ وہیں سے نکلے گا وطن کی مٹی‘ مجھے ایڑیاں رگڑنے دے مجھے یقیں ہے‘ چشمہ یہیں سے نکلے گا
ہم نے آج جیتا ہے وہ امتحان دنیا میں گونجتا ہے نام پاکستان جب ہم پر کوئی حملہ کردے تو دشمن کو دھول چٹاتے ہیں ہم اور امن کی بات ہو تو آگ میں پھول کھلاتے ہیں ہم
متعلقہ عنوانات
ایران نے جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں، لبنان جنگ بندی بھی معاہدے کا حصہ ہے: اسماعیل بقائی
15 June 2026
اسحاق ڈار کی برطانوی حکام سے ملاقات، پاکستانی سفارتی کردار کو سراہا گیا
15 June 2026
سفیر پاکستان کی چیچن رہنما سے ملاقات، دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
15 June 2026
مانیٹری پالیسی کا اعلان: اسٹیٹ بینک کا شرح سود 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ
15 June 2026
پچھلے سال کے بجٹ نے 116 لوگوں کی جان لی ، سینیٹر عون عباس
15 June 2026
کسی کو فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان کہنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،مولانا فضل الرحمان
15 June 2026
صدر پوتن کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 80ویں سالگرہ پر فون کر کے مبارکباد
15 June 2026
ایران پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا: ایرانی سفیر
15 June 2026