امیگریشن پالیسیوں پر تنازع، ٹرمپ نے ہوم لینڈ سکیورٹی کی سربراہ کرسٹی نوم کو برطرف کردیا
Web Desk
5 March 2026
امریکا میں امیگریشن پالیسیوں اور وفاقی کارروائیوں پر بڑھتے تنازع کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوم کو عہدے سے ہٹا کر اوکلاہوما سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن سینیٹر مارک وین ملن کو ان کی جگہ نامزد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کے اپنے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ مارک وین ملن اکتیس مارچ سے اس عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، تاہم اس تقرری کو مستقل بنانے کے لیے سینیٹ کی منظوری ضروری ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کرسٹی نوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت کے لیے مؤثر انداز میں کام کیا اور خاص طور پر سرحدی معاملات میں نمایاں نتائج حاصل کیے۔ صدر کے مطابق نوم کو اب مغربی نصف کرے میں سکیورٹی تعاون کے لیے شروع کی جانے والی نئی حکمت عملی “شیلڈ آف دی امریکا” کی خصوصی نمائندہ مقرر کیا جا رہا ہے جس کا اعلان فلوریڈا میں کیا جائے گا۔
کرسٹی نوم صدر ٹرمپ کے دوسرے صدارتی دور میں کابینہ چھوڑنے والی پہلی وزیر بن گئی ہیں۔ ان کی برطرفی ایسے وقت میں سامنے آئی جب حالیہ ہفتوں میں ان کی قیادت اور امیگریشن سے متعلق سخت اقدامات پر شدید تنقید کی جا رہی تھی اور انہیں کانگریس میں قانون سازوں کے سخت سوالات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
کرسٹی نوم اس سے قبل جنوبی ڈکوٹا کی گورنر رہ چکی ہیں اور صدر ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ ان کے دور میں ہوم لینڈ سکیورٹی کا محکمہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف وسیع کارروائیوں کا مرکز بنا اور ملک بھر میں گرفتاریوں اور ملک بدری کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق محکمے نے چھ لاکھ سے زائد افراد کو ملک بدر کیا جبکہ امیگریشن حراستی مراکز میں زیر حراست افراد کی تعداد بھی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔
تاہم حالیہ مہینوں میں نوم کی پالیسیوں اور فیصلوں پر دونوں جماعتوں کے قانون سازوں کی جانب سے تنقید سامنے آئی۔ خاص طور پر مینی آپلس میں وفاقی اہلکاروں کی کارروائیوں کے دوران دو امریکی شہریوں کی ہلاکت کے بعد سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل پیدا ہوا تھا۔
اسی دوران محکمہ کے اندرونی معاملات اور اشتہاری مہمات پر بھاری اخراجات سے متعلق رپورٹس نے بھی تنازع کو بڑھا دیا تھا، جس کے بعد بعض سینیٹرز نے نوم کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔
اگر سینیٹ نے منظوری دے دی تو مارک وین ملن ہوم لینڈ سکیورٹی کے اس اہم محکمے کی قیادت سنبھالیں گے جس کے دائرہ کار میں سرحدی نگرانی، امیگریشن قوانین کا نفاذ، ساحلی محافظ دستہ، ہنگامی امدادی ادارہ، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، فضائی تحفظ اور سائبر سکیورٹی جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔
متعلقہ عنوانات
ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کا آغاز
21 June 2026
پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان حکومت سازی کے معاملات طے پا گئے۔
21 June 2026
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ایرانی وفد سے اہم ملاقات، باضابطہ مذاکرات سے قبل مشاورت
21 June 2026
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ہمارے حق میں ہیں: ایرانی صدر
21 June 2026
ایران امریکہ مذاکرات آج: وزیراعظم، فیلڈ مارشل کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات
21 June 2026
قومی اسمبلی: 29 وزارتوں اور ڈویژنوں کے 40 کھرب 48 ارب کے 89 مطالبات زر منظور
21 June 2026
پاکستان ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر عملدرآمد کیلئے کردار ادا کرے گا: دفتر خارجہ
21 June 2026
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے
21 June 2026