پنجاب میں صرف میرٹ کی حکمرانی، خواتین کیلئے پینک بٹن فعال کر دیے ہیں: مریم نواز
Web Desk
27 November 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب صرف میرٹ کی حکمرانی ہے اور یہ ملک کا واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت کا بھرپور صلہ دیتا ہے، کسی بھی حکومت کے لیے یہ شرم کا مقام ہے کہ قابل طلبا محض وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم سے محروم رہ جائیں۔
چکوال یونیورسٹی میں طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کسی حکومتی احسان کے طور پر نہیں بلکہ طلبا کی محنت کا صلہ ہیں، اور قابلیت کی حوصلہ افزائی کے لیے کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی اسی لیے لیپ ٹاپ اسکیم میں خیبرپختونخوا کے طلبا کا حصہ بھی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس ایک بڑی نعمت ہیں، تاہم اب محض ڈگری کا وقت گزر چکا ہے اور موجودہ دور جدید اسکلز کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چکوال میں دو جدید “اسکول آف ایمیننس” تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتیاں بھی سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔
ترقیاتی منصوبوں اور سفری سہولیات پر بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے دل میں زیادہ جگہ ان چھوٹے شہروں کے لیے ہے جو ماضی میں سہولیات سے محروم رہے، اور وسائل کی کمی کے باوجود لاہور جیسی جدید گرین بسیں اور بس اسٹینڈز پنجاب کے تمام اضلاع میں بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے 15 گرین بسیں پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید بسیں جلد شامل کی جائیں گی، اور وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ چکوال یونیورسٹی کی طالبات کے لیے وائی فائی اور مکمل سیکیورٹی سے آراستہ “پنک بس” کل ہی لائی جائے۔ مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے میں بچیوں کے لیے پنک جبکہ لڑکوں کے لیے بلیک اسکوٹیز متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
خواتین کے تحفظ اور بااختیاری کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موجودہ دور ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی کا دور ہے اور جب کوئی ظلم کے خلاف انہیں یاد کرتا ہے تو انہیں اپنا فرض ادا ہوتا محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کے لیے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے اور بچیوں کے تحفظ کے لیے پینک بٹن فعال کر دیے گئے ہیں۔ چکوال کی ضلعی انتظامیہ میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چکوال کی ڈپٹی کمشنر ایک خاتون ہیں اور حکومت کو ان کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔
صحت اور رہائش کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اب چکوال میں دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ انہیں اپنے ہی شہر میں مفت علاج میسر ہوگا۔ انہوں نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہو چکے ہیں، اور گزشتہ روز ملتان اسٹیڈیم میں اس پروگرام سے مستفید ہونے والے 25 ہزار سے زائد مستحقین سے ملاقات ہوئی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر مریم نواز نے کہا کہ ان کی حکومت کو ابھی صرف ایک ہزار دن ہوئے ہیں، تاہم اقتدار ایک عارضی اور نازک ذمہ داری ہے جو ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسلتی ہے، اس لیے وہ چکوال اور پنجاب کی ترقی کے لیے پہلے سے بھی زیادہ محنت سے کام کریں گی۔
متعلقہ عنوانات
روس کی نئی جوہری آبدوز پرم بحری بیڑے میں شامل، پوتن نے عالمی سطح کا ہتھیار قرار دے دیا
27 November 2026
رائزنگ سٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کی بنگلا دیش اے کو شکست، فائنل میں انٹری
27 November 2026
آصف زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال
27 November 2026
مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس
27 November 2026
اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
27 November 2026
وزیراعظم آزادکشمیر کا سو روزہ پلان کا اعلان، نوجوانوں کو بلاسود قرضے، وظائف دیں گے
27 November 2026
کراچی عمارت حادثہ، 55 گھنٹے بعد ملبے سے 2 افراد زندہ نکال لیے گئے
27 November 2026
کویت کا ایرانی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے مسلسل حملوں پر احتجاج
27 November 2026