LIVE TV
Watch Now
Gold:
Intl: /g (22K) PK: /g (22K)
Stocks:
NY: ▲ ▼
China: ▲ ▼
Pakistan: ▲ ▼
India: ▲ ▼
TV ONE Logo
اہم خبریں
پنجاب حکومت نے تلور کے شکار کیلئے دو ماہ کی عارضی اجازت دے دی لاہور فیصل آباد سیکشن کی بحالی کے 12 روز بعد بھی دو اہم ٹرینیں تاحال بند یونان: 2700 سال پہلے قتل ہوئے افراد کی اجتماعی قبر عوام کے لیے کھول دی گئی روس کی نئی جوہری آبدوز پرم بحری بیڑے میں شامل، پوتن نے عالمی سطح کا ہتھیار قرار دے دیا رائزنگ سٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کی بنگلا دیش اے کو شکست، فائنل میں انٹری آصف زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق وزیراعظم آزادکشمیر کا سو روزہ پلان کا اعلان، نوجوانوں کو بلاسود قرضے، وظائف دیں گے کویت کا ایرانی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے مسلسل حملوں پر احتجاج امریکی ساحلی ریاستوں میں طوفان سے تباہی، لاکھوں افراد بجلی سے محروم پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا اعلان امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ سسٹم پر سائبر حملہ، حساس فوجی ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا وزیراعظم کی پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کو عالمی معیار کی ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کی ہدایت کراچی پورٹ پر درآمدی کارگو کی مقدار ایک لاکھ 74 ہزار 160 میٹرک ٹن ریکارڈ

یونان: 2700 سال پہلے قتل ہوئے افراد کی اجتماعی قبر عوام کے لیے کھول دی گئی

Web Desk

27 November 2026

یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے جنوب میں واقع 2700 سال پرانی ایک اجتماعی قبر کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جہاں درجنوں ایسے نوجوانوں کی باقیات محفوظ ہیں جنہیں قدیم ایتھنز میں اجتماعی طور پر قتل کیا گیا تھا۔

فالیرو کے علاقے میں واقع اس قدیم قبرستان میں اب تک ہر عمر کے دو ہزار سے زائد افراد اور متعدد گھوڑوں کی باقیات دریافت ہو چکی ہیں۔ 2016 میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے یہاں 79 مردوں کی باقیات دریافت کی تھیں، جو تین مختلف خندقوں میں گروپوں کی شکل میں دفن تھے۔ ان میں سے کئی افراد کے ہاتھوں میں زنگ آلود لوہے کی بیڑیاں موجود تھیں، جبکہ بیشتر نوجوان یا نوعمر تھے۔ ایک دہائی پر محیط تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ان افراد کو سر کے پچھلے حصے پر کسی بھاری ہتھیار سے وار کر کے قتل کیا گیا تھا۔

اس نمائش کو ایتھنز کے سٹاوروس نیارکوس کلچرل سینٹر کے پارک کے نیچے تعمیر کردہ خصوصی زیرِ زمین ہال میں رکھا گیا ہے، جس کے داخلی دروازے پر ایک انتباہی بورڈ نصب ہے جس میں زائرین کو تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کے حقیقی ڈھانچوں کی موجودگی سے آگاہ کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے دورے کے حوالے سے فیصلہ کر سکیں۔

920 مربع میٹر پر مشتمل اس نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے یونانی وزیرِ ثقافت لینا مینڈونی نے کہا کہ یہ دریافت ایتھنز کی تاریخ کے تاریک ترین ادوار میں سے ایک پر روشنی ڈالتی ہے، جب مختلف گروہ شہر پر اقتدار کے قبضے کے لیے برسرِ پیکار تھے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ افراد ساتویں صدی قبلِ مسیح میں زندہ تھے اور ممکنہ طور پر سیلون بغاوت کے حامی تھے، جو ایتھنز میں اقتدار پر قبضے کی ایک ناکام کوشش تھی، جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے قتل کر دیا گیا۔

ایتھنز میں قائم سویڈش آرکیالوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یہ ایتھنز کے علاقے میں اجتماعی طور پر ہلاک کیے گئے افراد کی قدیم ترین معلوم اجتماعی تدفین ہے۔ آثارِ قدیمہ کے جریدے ’آرکیالوجی میگزین‘ نے 2016 میں اس دریافت کو دنیا کی دس اہم ترین آثارِ قدیمہ دریافتوں میں شامل کیا تھا۔

ماہرین کے مطابق ریت میں محفوظ رہنے کے باعث یہ باقیات ہزاروں سال تک برقرار رہیں، تاہم زمین سے نکالے جانے کے بعد ان میں تیزی سے خرابی آنے لگی، جس کے پیشِ نظر انہیں مخصوص درجہ حرارت اور نمی والے ماحول میں رکھا جا رہا ہے۔ قبرستان کا بڑا حصہ اب بھی اس ثقافتی مرکز کے نیچے موجود ہے، جو تقریباً ایک دہائی قبل تعمیر کیا گیا تھا۔

تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ یہاں دفن کئی افراد کو قتل سے قبل تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بعض کو بے حرمتی کی علامت کے طور پر اوندھے منہ دفن کیا گیا، جبکہ کچھ کے ہاتھ پاؤں اس طرح باندھے گئے تھے جیسے مویشیوں کو باندھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس قبرستان میں دفن بالغ افراد میں سے تقریباً 20 فیصد تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب ایتھنز میں امریکی سکول آف کلاسیکل سٹڈیز اس مقام سے ملنے والے 1100 افراد کی باقیات پر الگ تحقیق کر رہا ہے، جس کے نتائج 2028 میں شائع کیے جائیں گے۔ یہ قبرستان آٹھویں صدی قبلِ مسیح سے چوتھی صدی قبلِ مسیح تک تقریباً 400 سال تک زیرِ استعمال رہا۔